گھوڑبندر-بھائندر سرنگ و ایلیویٹڈ روڈ پروجیکٹ میں 3 ہزار کروڑ کی بدعنوانی!

وزیر اعلیٰ فڑنویس اور نائب وزیر اعلیٰ شندے نے رشوت لی ہے، کانگریس کے ریاستی صدر کا سنگین الزام

ریاست میں بدعنوانی کا بڑا ریکیٹ، ایک لاکھ کروڑ کے گھوٹالوں کا شبہ، تمام بڑے پروجیکٹس کی عدالتی جانچ کا مطالبہ

نئی دہلی/ممبئی: گھوڑبندر-بھائندر سرنگ اور ایلیویٹڈ روڈ پروجیکٹ میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی کا انکشاف ہوا ہے، جس پر مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے پر تین ہزار کروڑ روپے کی رشوت لینے کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ میں ایک کمپنی کا ٹینڈر تکنیکی وجوہات کی بنا پر منسوخ کیا گیا اور جس کمپنی کو ٹھیکہ دیا گیا، وہ ’میگھا انفراسٹرکچر‘ کس کی ہے، یہ سوال سب کے سامنے ہے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے اس پروجیکٹ پر مہاراشٹر حکومت کو کڑی پھٹکار سنائی گئی، جس کے بعد ٹینڈر منسوخ کرنے کی نوبت آن پہنچی۔ ہرش وردھن سپکال کا کہنا تھا کہ ایم ایم آر ڈی اے کی جانب سے ٹینڈر منسوخی کافی نہیں، یہ بدعنوانی کا واضح معاملہ ہے۔ ان کے مطابق ریاست میں فڑنویس اور شندے نے مل کر ایک ’بدعنوانی کاریڈور‘ تیار کیا ہے، جس میں MMRDA، مہاڈا، سڈکو، اور SRA جیسی سرکاری اتھارٹیز شامل ہیں۔

سپکال نے الزام لگایا کہ ایکناتھ شندے کے وزیر اعلیٰ بننے کے بعد سے مخصوص افسران کی تقرری اور پسندیدہ ٹھیکیداروں کو فائدہ پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کے مطابق یہ معاملہ صرف گھوڑبندر-بھائندر پروجیکٹ تک محدود نہیں بلکہ سمردھی مہامارگ، پونے رنگ روڈ، ویرار-علی باغ کاریڈور، اور شکتی پیٹھ مہامارگ جیسے دیگر پروجیکٹس بھی کرپشن کے گڑھ بن چکے ہیں۔

سپکال نے کہا کہ تھانے-ممبئی کے تمام ترقیاتی پروجیکٹس اسی گھوٹالے کا حصہ ہیں، اور ’پچاس کھوکے ایکدم اوکے‘ کا پیسہ بھی یہیں سے نکالا گیا، جو انتخابی خرچ میں بہایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی میونسپل کارپوریشنز جیسے ممبئی، تھانے، کلیان-ڈومبیولی، میرا-بھائندر، اور نوی ممبئی پر حکومت کے مقرر کردہ ایڈمنسٹریٹرز کا راج ہے، جو اس بدعنوانی کے نیٹ ورک کو چلا رہے ہیں۔ ان کا اندازہ ہے کہ اس پورے ریکیٹ کے ذریعے ایک لاکھ کروڑ روپے سے زائد کا گھپلا کیا گیا ہے۔ کانگریس نے مطالبہ کیا ہے کہ ان تمام پروجیکٹس کی عدالتی تحقیقات کی جائیں تاکہ سچائی سامنے آ سکے۔

ریاستی کانگریس کے صدر نے وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک کو بھی نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ وہ بی جے پی کا ایجنڈا چلا رہے ہیں، جو مراٹھی شناخت کو مٹانے اور ہندی و ہندو راشٹر کو تھوپنے کی سازش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایکناتھ شندے جب سورت کے راستے گوہاٹی بھاگے، تو وہیں سے ان کی پارٹی نے مراٹھی اسمتا کو چھوڑ دیا تھا۔ سپکال نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے اگرچہ ہندی کی لازمی حیثیت سے متعلق الفاظ واپس لینے کا اعلان کیا، لیکن ابھی تک کوئی سرکاری فیصلہ سامنے نہیں آیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ریاست میں اصل اختیار امیت شاہ کے پاس ہے اور موجودہ حکومت محض ایک کٹھ پتلی ہے۔

سپکال نے وزیر زراعت مانک راؤ کوکاٹے پر بھی طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیر کم اور ’بڈبولے‘ یعنی بکواسی لیڈر زیادہ لگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے کوکاٹے نے کسانوں کو بھکاری کہا اور اب ایسا بیان دیا کہ گویا کسان کھیتی چھوڑ کر صنعت کاروں کی غلامی کریں۔ سپکال نے کہا کہ یہ کسانوں کی توہین ہے اور کوکاٹے زراعت کے وزیر ہونے کے لائق نہیں۔

اپنی رائے یہاں لکھیں