ریاست کی ’نامرد‘ ای ڈی حکومت کو فوری طورپر مستعفی ہوجانا چاہئے: حکومت مذہبی تنازعات کو روکنے میں ناکام، امن وامان ختم ہوگیا ہے

ممبئی:ریاست میں بی جے پی کی قیادت والی شندے حکومت کے نو ماہ کے دوران مہاراشٹر کی شبیہ کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ کچھ تنظیموں کی اشتعال انگیز تقریروں کی وجہ سے ریاست میں مذہبی تنازعات بڑھ رہے ہیں، لیکن شندے-فڈنویس حکومت اس پر کوئی کارروائی نہیں کر رہی ہے۔ سپریم کورٹ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہاراشٹر حکومت نامرد ہے، یہ حکومت کچھ نہیں کر رہی، اس لیے مذہبی تنازعات بڑھتے جا رہے ہیں۔

سپریم کورٹ کی یہ برہمی شندے فڑنویس حکومت کے لیے ایک بڑا طمانچہ ہے۔ سپریم کورٹ کے اس سخت تبصرے کے بعد شندے-فڈنویس یعنی ای ڈی حکومت کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے، اس حکومت کو فوری طور پرمستعفی ہو جانا چاہیے۔یہ باتیں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہی ہیں۔

شندے فڑنویس حکومت کے خلاف سپریم کورٹ کی برہمی کو درست بتاتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نے ریاستی حکومت پر سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں لاء اینڈ آرڈر نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ حکمران جماعت کے ایم ایل اے اور ایم پی کھلے عام غنڈہ گردی کر رہے ہیں۔ مافیا سرغنہ سے وابستہ لوگوں کا وزیر داخلہ کے گھر آنا جانا تھا لیکن پولیس مشینری اور وزیر داخلہ کو اس کی کوئی خبر تک نہیں تھی، سابق وزراء اور اراکین اسمبلی پر حملے ہوتے ہیں لیکن ان کا کوئی تحفظ نہیں کیا جارہا ہے۔ اگرحکمران جماعت کا ایم ایل اے گولی بھی چلاتا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے اسے بچایا جاتا ہے۔

کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ ایک تنظیم پچھلے کچھ مہینوں سے ریاست کے مختلف اضلاع میں مورچہ نکال رہی ہے او رریلیوں کا انعقاد کررہی ہے۔ان مورچوں وریلیوں میں شتعال انگیز بیانات دئے جارہے ہیں جس سے سماجی امن وامان کو خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ کچھ لوگوں نے اس سلسلے میں پولیس سے شکایت بھی کی لیکن پولیس کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔ مہاراشٹر ایک ترقی پسند اور ترقی یافتہ ریاست ہے۔ ممبئی اور مہاراشٹر کی پوری دنیا میں شہرت ہے، لیکن کچھ تنظیمیں مذہب کے نام پر اسے بدنام کرنے کا کام کر رہی ہیں۔ حکومت کو ایسی تمام تنظیموں کے خلاف فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے ان پر پابندی لگانی چاہیے لیکن حکومت میں ایسی کوئی منشا نظر نہیں آرہی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ یہ فرقہ پرست تنظیمیں پھل پھول رہی ہیں۔ سپریم کورٹ نے مہاراشٹر کی حکومت کے لیے جو لفظ استعمال کیا ہے، وہ آج تک کسی بھی حکومت کے لیے استعمال نہیں ہوا ہے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ صورتحال کتنی سنگین ہے۔ نانا پٹولے نے یہ بھی کہا کہ جب سے شندے حکومت ریاست میں اقتدار میں آئی ہے، امن و امان کی دھجیاں اڑا ئی جارہی ہیں۔