مالیگاؤں بلاسٹ کیس کے گواہوں کو تحفظ فراہم کیا جائے وزیراعلیٰ ووزیرداخلہ سے کانگریس لیڈرعارف نسیم خان کا مطالبہ

ممبئی:مالیگاؤں بلاسٹ کیس کے گواہان کے مسلسل منحرف ہونے پر ابھی تشویش کا اظہار کیا ہی جارہا تھا کہ کانگریس کے لیڈر نسیم خان کے ایک مکتوب نے اس شبہے کو تقویت دیدی ہے کہ گواہان پر اپنے سابقہ بیان سے منحرف ہونے کے لئے نہ صرف دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ بلکہ انہیں دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔ نسیم خان نے وزیراعلیٰ اور وزیرداخلہ کو ایک مکتوب روانہ کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ انہیں کسی باوثوق ذرائع سے خبر ملی ہے کہ بلاسٹ کے مجرمین کو بچانے کے لئے گواہان پر دباؤ ڈالا جارہا ہے اور انہیں دھمکیاں و لالچ دی جارہی ہیں۔ نسیم خان نے تمام گواہان کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔واضح رہے کہ مالیگاؤں بم بلاسٹ کیس میں تحقیقاتی ایجنسی اے ٹی ایس اور این آئی اے نے 495گواہان کی لسٹ عدالت کوسونپی تھی جس میں سے 220گواہوں کی گواہی ہوچکی ہے۔ ان میں سے بیشتر اپنے سابقہ بیان پر قائم ہیں جبکہ 15؍گواہ اپنے سابقہ بیانات سے منحرف ہوچکے ہیں۔

ریاستی کانگریس کے کارگزار صدر نسیم خا ن نے وزیراعلیٰ ادھوٹھاکرے اور ریاستی وزیرداخلہ دلیپ ولسے پاٹل کو روانہ کئے اپنے مکتوب میں کہا ہے کہ مالیگاؤں بم دھماکہ میں بی جے پی کی ممبرپارلیمنٹ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکور، کرنل پرسادپروہت، دیانند پانڈے وریٹائرڈ میجررمیش اپادھیائے جیسے کئی اہم ملزمین شامل ہیں جنہیں تفتیشی ایجنسیوں نے ماسٹر مائنڈ کے طور پرگرفتار کیا تھا۔ سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق این آئی اے نے اس مقدمے کی یومیہ سماعت شروع کررہی ہے۔ لیکن میری اطلاع کے مطابق مالیگاؤں بلاسٹ کے تمام ملزمین کو بچانے کے لئے گواہان کو دھمکیاں دی جارہی ہیں، ان پر دباؤ ڈالا جارہاہے اور انہیں اپنے سابقہ بیانات سے منحرف ہونے کے لئے لالچ بھی دیا جارہا ہے۔ اس کام میں کچھ فرقہ پرست تنظیمیں اور کچھ خاص ذہنیت کے افراد سرگرم ہیں۔ جس طرح سے یہ کوششیں جاری ہیں اس کے پیشِ نظر اس بات سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ آنے والے دنوں میں مزید کچھ گواہان اپنے بیانات سے منحرف ہوسکتے ہیں۔ اس لئے میرا مطالبہ ہے کہ گواہوں کو دھمکیاں دینے اور ان پر دباؤڈالنے کے اس معاملے کی اعلیٰ سطحی تفتیش کرائی جائے اور جو لوگ اس کام میں ملوث ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے نیز گواہان کو ضرورت کے مطابق تحفظ فراہم کیا جائے۔ تاکہ دھماکے کے ملزمین کو عدالت کے ذریعے قرار واقعی سزا دی جاسکے۔

اس ضمن میں نسیم خان نے میڈیا کو بتایا ہے کہ گواہان کے منحرف ہونے کے خبریں آنے کے بعد میں نے اپنے طور پر اس کی معلومات حاصل کی تو پتہ چلا کہ کچھ فرقہ پرسست تنظیمیں اور کچھ خاص لوگ گواہان پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ لیکن چونکہ یہ تحقیق طلب ہے اس لئے میں نے وزیراعلیٰ ووزیرداخلہ سے اس کی اعلیٰ سطحی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ گواہان کے منحرف ہونے پر شک اس لئے بھی مزید گہرا ہوجاتا ہے کہ تمام منحرف گواہوں کا تعلق ایک ہی شہر سے ہے اور دھماکے کا اہم ماسٹر مائنڈ کرنل پروہت کا تعلق بھی اسی شہر سے ہے۔ یہ ملزمین ضمانت پر رہا ہیں اور وہ کسی نہ کسی طور سے گواہان پر دباؤ ڈال رہے۔ اس کی تحقیق ہونی ضروری ہے تاکہ عدالتی عمل میں کوئی رخنہ نہ پیدا ہو اور گواہان بے خوف ہوکر اپنی بات عدالت کے روبر رکھ سکیں۔نسیم خان نے کہا کہ میں نے وزیراعلیٰ ووزیرداخلہ کو مکتوب روانہ کرنے کے بعد ان سے بات بھی کی اور کہا کہ گزشتہ دو تین ماہ سے جس طرح گواہان منحرف ہورہے ہیں وہ کہیں نہ کہیں شک پیدا کرتا ہے۔ اگر یہ سلسلہ یوں ہی جاری رہا تو دھماکے کے متاثرین کو انصاف ملنا مشکل ہوجائے گا۔ اس معاملے میں یہ حکومت کی ذمہ دار ی ہوتی ہے کہ وہ عدالت میں شفاف ٹرائل کو یقینی بنائے اور اس معاملے کے مجرمین کوقرارواقعی سزادلانے کے لئے گواہان کو تحفظ فراہم کرے۔ وزیراعلیٰ اور وزیرداخلہ دونوں نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے اس کی تفتیش کرانے اور ضروری اقدامات کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں