ریاست کی بدعنوان مہایوتی حکومت ہٹائیں اور مہا وکاس اگھاڑی حکومت لائیں : لوک سبھا انتخابات میں جیت کے باوجود لڑائی ابھی ختم نہیں ہوئی

کانگریس کے 5 انصاف اور25 گارنٹیاں دلانے کی اسکیموں کو گھر-گھر تک پہنچانے میں کانگریس کےکیڈر کا اہم تعاون

ممبئی: کانگریس پارٹی ایک ایسی پارٹی ہے جو تمام لوگوں کو ساتھ لے کر چلتی ہے۔ اس بنیادی طریقۂ کار کے مطابق اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی کہ آئندہ انتخابات میں ہر برادری کو مناسب نمائندگی ملے۔ مہاراشٹر کانگریس کے انچارج رمیش چنیتھلا نے کہا ہے کہ مہاراشٹر میں لوک سبھا انتخابات میں کانگریس پارٹی اور مہاوکاس اگھاڑی نے اچھی جیت حاصل کی ہے۔ اب اسمبلی انتخابات میں بھی کانگریس لیڈروں اور کارکنوں کو اسی طرح کی طاقت اور اتحاد کے ساتھ ضلع، تعلقہ اور بوتھ سطح پر کام کرنا ہے، تاکہ بدعنوان مہایوتی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے بعد ایک بار پھر سے مہاوکاس اگھاڑی کی حکومت قائم ہوسکے۔

لوک سبھا انتخابات میں مہاراشٹر میں اہم کامیابی حاصل کرنے کے بعد مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی سیل اور ڈویژن کی جانب سے بدھ کو دادر کے شیواجی مندر میں کانگریس پارٹی کے ریاستی انچارج رمیش چننیتھلا اور ریاستی صدر نانا پٹولے کے لیے ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں مہاراشٹر میں کانگریس پارٹی کی بڑی جیت میں ریاستی کانگریس کے مختلف سیل اور ڈویژن کا اہم کردار رہا ہے۔ ان سب نے ریاست کے گاؤں گاؤں جا کر کانگریس کے پیغام کو پہنچایا۔ کانگریس کے 5 نیائے اور 25 گارنٹی لیٹر کو ہر شخص تک پہنچایا ۔ پٹولے نے کہا کہ اگرچہ ہم نے ریاست میں لوک سبھا کی لڑائی جیت لی ہے لیکن جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے لیڈران و کارکنان سے کہا کہ اب اسمبلی انتخابات میں بھی ہمیں اسی طرح محنت کرکے فتح کا جھنڈا لہرانا ہے۔

پٹولے نے مزید کہا کہ بی جے پی حکومت ہمیشہ لوگوں میں فرضی کہانیاں پھیلاتی ہے۔ خواتین کو ریزرویشن دینے کا بل بڑے جوش و خروش سے پاس ہوا لیکن اس اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا کیونکہ مردم شماری ابھی تک نہیں ہوئی۔ مفت اناج دینے کے نام پر پلاسٹک کے چاول دے کر غریبوں کی زندگیوں سے کھیلا جا رہا ہے۔ انہیں کورونا کے دور میں ٹیکہ لگایا گیا تھا اور اس کے سرٹیفکیٹ پر وزیراعظم کی تصویر چھپی تھی۔ جب سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس ویکسین کی وجہ سے لوگ مر رہے ہیں، بی جے پی حکومت اس کی ذمہ داری لینے سے بھاگنے لگی۔ پٹولے نے کہا کہ بی جے پی حکومت صرف دکھاوے کے لیے کام کرتی ہے، کوئی ذمہ داری نہیں لیتی۔ نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے کہا کہ ریاست میں ایک لاکھ لوگوں کو نوکریاں دی گئی ہیں۔ پٹولے نے کہا ہے کہ بی جے پی کی طرف سے جھوٹا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ بی جے پی اچھے دنوں کا وعدہ کرکے اقتدار میں آئی لیکن اس نے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ پٹولے نے کہا کہ اگر ہماری حکومت اقتدار میں آتی ہے تو عوام کے لئے اچھے دن ضرور آئیں گے۔

اس پروگرام میں کے راجو اور راجیش للوتھیا نے بھی خطاب کیا جبکہ اقلیتی محکمہ کے ریاستی صدر ایم ایل اے وجاہت مرزا، ریاستی نائب صدر نانا گاونڈے، ریاستی جنرل سکریٹری پرمود مورے، پرتیبھا شندے اور کئی لیڈران موجود تھے۔ اس موقع پر مہمانوں کی جانب سے مختلف سیلز اور شعبہ جات کے سربراہان کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading