ریاستی حکومت کے مفت ویکسینیشن کے فیصلے کا خیرمقدم: ناناپٹولے ہرشخص کو بروقت ویکسین مل سکے، اس کے لیے منصوبہ بندی کی جائے

ممبئی: کانگریس کی صدر محترمہ سونیا گاندھی کے مطالبے کو منظور کرتے ہوئے مہاراشٹر وکاس اگھاڑی حکومت نے ریاست کے 18 سے 44 سال کے درمیان کے تمام لوگوں کو مفت کورونا ویکسین دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ناناپٹولے نے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ عمر کے لوگوں کی تعداد کے پیشِ نظر ویکسینیشن کے مراکز پر افراتفری کو روکنے کے لیے مناسب منصوبہ بندی کی جائے۔

نانا پٹولے نے مزید کہا ہے کہ کانگریس کی صدر محترمہ سونیا گاندھی نیز راہل گاندھی نے مطالبہ کیا تھا کہ کورونا کی ویکسین سب کو مفت دی جانی چاہئے۔ مہاراشٹرا پردیش کانگریس کمیٹی نے بھی وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے سے مفت ویکسینیشن کا مطالبہ کرتے ہوئے اس کا فالواپ بھی کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا پر قابو پانے کے لئے ویکسین ایک موثر ہتھیار ہے۔ دنیا کے بہت سارے ممالک میں بڑے پیمانے پر کورونا ویکسینیشن مہم چلائی جارہی ہے، لیکن مرکزی حکومت اس معاملے میں ٹال مٹول کا رویہ اپنارہی تھی۔ مرکزی حکومت نے بالآخر 18 سال سے زیادہ عمر کے شہریوں کو ویکسین دینے کافیصلہ کیا ہے،مگر اس کی ذمہ داری ریاستی حکومت کے سپرد کردی گئی ہے اور لوگوں کوبے سہارا چھوڑ دیا گیا ہے۔لیکن مہاراشٹر وکاس اگھاڑی حکومت نے سونیا گاندھی کے مطالبے کومنظورکرتے ہوئے لوگوں کو مفت ویکسین فراہم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے عوام کے تئیں اپنی ذمہ داری کو ادا کیا ہے۔

ناناپٹولے نے کہا کہ مہاراشٹرا میں کورونا کے اثرات زیادہ ہونے کے باوجود ریاستی حکومت نے ایک طرف کورونا مریضوں کو مناسب علاج مہیا کرنے کے لئے منصوبہ بند پروگرام شروع کیا ہے تو دوسری طرف ویکسینیشن کی وسیع مہم کی شروعات کی ہے۔ مہاراشٹرا نے اب تک 1.50 کروڑ سے زائد شہریوں کو ویکسین دے کر ملک میں اول مقام حاصل کیا ہے۔ ریاستی حکومت کا ہیلتھ سسٹم موثر انداز میں کام کر رہا ہے اور روزانہ آٹھ لاکھ سے زیادہ شہریوں کوویکسین دنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اب مرکزی حکومت کو چاہیے کہ وہ کسی بھی طرح کی جانبداری نہ برتتے ہوئے مہاراشٹر کو ضرورت کے مطابق ویکسین کی فراہمی کو یقینی کو بنائے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading