احمدنگر ضلع دیہی کانگریس کمیٹی برخاست:ناناپٹولے
پارٹی مخالف کارروائی کی پاداش میں احمدنگر کے ضلع صدر سریش سالونکھے معطل
ممبئی:ناسک گریجویٹ حلقہ میں کانگریس کے حمایت یافتہ امیدوار کے بجائے آزاد امیدوار کے حق میں انتخابی مہم چلانے کی پاداش میں احمدنگر ضلع کانگریس کمیٹی برخاست کردی گئی ہے۔ احمد نگر ضلع دیہی کانگریس کمیٹی کے صدرسریش سالونکھے کوبھی پارٹی سے معطل کردیا گیا ہے۔یہ اطلاع مہاراشٹرپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ناناپٹولے نے دی ہے۔
تلک بھون میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ناسک کے گریجویٹ حلقہ میں مہاوکاس اگھاڑی کے امیدوار شوبھانگی پاٹل کی حمایت کی ہے۔ احمد نگر ضلع کے دیہی صدر کے ذریعے ایم وی اے کے امیدوار کی حمایت کے بجائے آزاد امیدوار ستیہ جیت تانمبے کی حق میں انتخابی مہم چلانے کی خبرہمیں ملی۔ اس کے بعد ضلع صدر کو 17 جنوری کو وجہ بتاؤ نوٹس بھیجا گیا تھا اور دو دن کے اندر وضاحت کرنے کے لیے کہا گیا تھا لیکن 7 دن گزرنے کے بعد بھی انہوں نے اپنے عمل کی کوئی وضاحت نہیں کی۔ اس لیے پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی بنا پر ضلع صدر سریش سالونکھے کو 24 جنوری کو معطل اور احمد نگر ضلع کانگریس کمیٹی کو بھی برخاست کر دیا گیا ہے۔ضمنی انتخابات کے تعلق سے صحافیوں کے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ پمپری چنچوڈ اور قصبہ حلقوں کے ضمنی انتخابات کو لے کر ایم وی اے میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ اس ضمن میں فیصلہ کیا گیا ہے لیکن 2 فروری کو مہاوکاس اگھاڑی کے لیڈر اس معاملے پر میٹنگ کریں گے جس میں امیدواروں کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔