MPCC Urdu News 25 January 25

اسمبلی الیکشن میں ایم وی اے کے شکست کھانے 100 امیدواروں کی عدالت میں درخواست: پرتھویراج چوہان

پارلیمنٹ سے ودھان سبھا کے انتخابات تک محض 6 مہینوں میں 48 لاکھ ووٹرز کا کیسے اضافہ ہو گیا؟ اس کا ثبوت دیا جائے: پروین چکرورتی

مہاراشٹر میں 18 سال سے زائد بالغ آبادی جب 9.54 کروڑ ہے تو ووٹرس9.7 کروڑ کیسے ہوئے؟

ممبئی: جمہوری نظام میں شفافیت اور غیر جانبدار انتخابات کرانے کی ذمہ داری الیکشن کمیشن پر ہے، لیکن اس نے مہاراشٹر کے اسمبلی انتخابات میں اس ذمہ داری کو یکسر نظرانداز کیا ہے۔ اسمبلی کے ووٹر لسٹ میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی ہے جس سے بی جے پی اتحادیوں کو فائدہ پہنچا ہے۔ 2024 کی لوک سبھا انتخابات کے بعد محض 6 مہینے بعد ہونے والے اسمبلی انتخابات تک 48 لاکھ نئے ووٹرس کا اضافہ کیسے ہوا؟ خاص طور پر 2019 کی لوک سبھا انتخابات سے 2024 کی لوک سبھا انتخابات کے دوران 32 لاکھ ووٹرز کا اضافہ ہوا تھا، تو پھر محض 6 مہینوں میں 48 لاکھ ووٹرز کا اضافہ کیسے ہوا؟ اس سوال کا جواب الیکشن کمیشن کو ثبوت کے ساتھ دینا چاہیے۔ یہ مطالبہ پروفیشنل کانگریس کے قومی صدر پروین چکرورتی نے کیا ہے۔

قومی ووٹرس ڈے کے موقع پر ممبئی میں گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں پروفیشنل کانگریس کے قومی صدر پروین چکرورتی، سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان اور سابق رکن پارلیمنٹ کمار کیتکر موجود تھے۔ اس دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پروین چکرورتی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے مہاراشٹر میں اسمبلی الیکشن کے لیے کل ووٹرس کی تعداد 9.7 کروڑ بتائی ہے، لیکن وزیر اعظم نریندر مودی کے زیرِ نگرانی وزارت صحت کی جانب سے مہاراشٹر کی 18 سال سے زائد بالغ آبادی 9.54 کروڑ بتائی گئی ہے۔ ان اعداد و شمار کے مطابق 16 لاکھ نئے ووٹرز کا اضافہ کیسے ہوا؟ ووٹر لسٹ میں متعدد غیر معمولی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ شرڈی اسمبلی حلقہ کے لونی گاؤں میں ایک ہی پتے پر 5 ہزار ووٹرس کا رجسٹریشن کیا گیا۔ کانگریس امیدوار پتر بھا گھوگرے نے جب ان ووٹرس سے شناختی کارڈ اور رہائشی ثبوت مانگا تو یہ بات سامنے آئی کہ وہ مقامی لوگ نہیں تھے۔ جب اس کی شکایت الیکشن کمیشن سے کی گئی تو کوئی جواب نہیں ملا۔

پروین چکرورتی نے کہا کہ لوک سبھا کے انتخابات میں مہاراشٹر کے 62 اسمبلی حلقوں میں بی جے پی اتحاد کو برتری حاصل تھی، لیکن ودھان سبھا انتخابات میں وہ 132 حلقوں میں سے 112 سیٹوں پر جیت گئی۔ ووٹر لسٹ میں اس قدر بڑے پیمانے پر ناموں کی شمولیت کا کوئی جواب اور وضاحت نہیں ملتی، جس سے یہ شکوک و شبہات پیدا ہوتے ہیں کہ یہ سب ایک منظم اور منصوبہ بند دھاندلی تھی۔ اس بارے میں جب الیکشن کمیشن سے معلومات طلب کی گئیں تو اس نے خاموشی اختار کر لی۔ سچائی یہ ہے کہ الیکشن کمیشن نے مہاراشٹر کی عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے، کانگریس کا مطالبہ ہے کہ وہ تمام ڈیٹا عوام کے سامنے رکھے۔ 25 جنوری یعنی کہ آج قومی ووٹرس ڈے منایا جا رہا ہے، لیکن الیکشن کمیشن نے اس ’ووٹرس ڈے‘ کو ’چیٹرس ڈے‘ میں تبدیل کر دیا ہے۔

اس موقع پر سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے مہاراشٹر کی عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ ودھان سبھا کے انتخابات میں ووٹر لسٹ میں کی گئی دھاندلی ایک اہم مسئلہ ہے اور کانگریس اس حوالے سے الیکشن کمیشن کے موقف کے خلاف لڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ودھان سبھا الیکشن میں ایم وی اے کے شکست کھائے ہوئے 100 امیدواروں نے ریاست بھر کے مختلف عدالتوں میں درخواست دائر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی جمہوریت پر دنیا بھر کی نظریں مرکوز ہیں اور اگر الیکشن کمیشن انتخابات میں تعصب برت رہا ہے تو یہ ہماری جمہوریت کے لیے نہایت تشویشناک کی بات ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading