نارکوٹکس کنٹرول بیورو اب ’نموکنٹرول بیورو‘ بن گیا ہے: بالی ووڈ ڈرگس کنکشن سے بی جے پی اینگل غائب اوراین سی بی کی کنگنا پر مہربانی کیوں؟

ممبئی: سوشانت سنگھ معاملے میں بالی ووڈ کے ڈرگس کنکشن کے اجاگر ہوتے ہی این سی بی نے کچھ لوگوں کو گرفتار کرلیا اور کچھ بالی ووڈ کے کچھ لوگوں کی تفتیش ہورہی ہے۔ ایسے میں اس معاملے سے متعلق بی جے پی بالی ووڈسینڈل ووڈ گوا ڈرگکس کنکشن کی تفتیش این سی بی کیوں نہیں کررہی ہے؟ کیا نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) اب ’نمو کنٹرول بیورو‘ ہوگیا ہے؟ یہ سخت سوال آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری وترجمان سچن ساونت نے کیا ہے۔

نریندرمودی کے قریبی راکیش استھانا کی سربراہی والی این سی بی کی تفتیش پر مزید سوالات کی بھرمار کرتے ہوئے سچن ساونت نے کہا ہے کہ بی جے پی کا بالی ووڈ میں ڈرگس کنکشن، سینڈل ووڈ اورگوا معاملے سے این سی بی کو توجہ نہیں ہٹانے دیں گے۔ محض 59گرام گانجہ معاملے میں این سی بی نے اتنا بڑا ہنگامہ برپا کیے ہوئے ہے جبکہ اسی درمیان کرناٹک میں بی جے پی کا کارکن چندرکانت چوہان کو 1200کو گانجہ سمیت گرفتار کیا گیا، اس جانب این سی بی نے نظر اٹھاکر بھی نہیں دیکھا۔ کرناٹک میں ہی اداکارہ راگنی دویدی کو سینڈل ووڈ ڈرگ ریکٹ معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اداکارہ راگنی کرناٹک بی جے پی کی اسٹار پرچارک تھیں۔ اس معاملے میں 12لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں آدتیہ الوا نامی شخص کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جو گجرات بی جے پی اسٹار پرچارک اداکار وویک اوبیرائے کا سگا سالا ہے اور وویک اوبیرائے مودی بایوپیک کے پروڈیوسر سندیپ سنگھ کے ساتھ ہی کوپروڈیوسر ہیں نیز مودی کا کردار وویک اوبیرائے نے ہی ادا کیا ہے۔ اس کے علاوہ وویک اوبیرائے سندیپ سنگھ کی کمپنی کا شراکت دار بھی ہے۔

گجرات حکومت نے سندیپ سنگھ و وویک اوبیرائے کی کمپنی کے ساتھ 177کروڑ روپئے کا معاہدہ کیا تھا۔ اسی مودی بایوپیک کے پوسٹر ریلیز کے پروگرام میں اس وقت کے وزیراعلیٰ دیوندرفڈنویس نے خصوصی طور پرشرکت کی تھی۔ اسی سندیپ سنگھ نے بی جے پی کے دفتر میں 53 بار فون کیا تھا اورسندیپ سنگھ کو ماریشش میں ایک معاملے میں کس نے مدد کی تھی؟ اس کا ابھی تک انکشاف نہیں ہوا ہے۔ مہاراشٹر حکومت اس سے متعلق معلومات سی بی آئی کو دے چکی ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آج تک اس اینگل کی تفتیش کیوں نہیں کی گئی؟این سی بی کو اس کا بھی جواب دینا چاہیے کہ ڈرگس کنکشن کی تفتیش کے دوران گورو آریہ کا شراکت دار کون ہے اورگوا اینگل اس تفتیش سے غائب کیوں ہے؟

اس کے علاوہ این سی بی کے ڈرگس کنکشن کی تفتیش سے کنگنا راناوت بھی غائب ہوگئی ہے۔ جبکہ اس نے خود اعتراف کیا تھا کہ وہ ڈرگس لیتی ہے۔ اس تعلق سے ویڈیو تک وائرل ہوچکے ہیں جو اس معاملے کا ایک بڑا ثبوت ہے۔ اس کے باوجود اس کی تفتیش کیوں نہیں کی جارہی ہے؟ ڈرگس کنکشن کی تفتیش کے دوران ہی کنگنا ممبئی میں آکر اور کچھ دن ٹھہر کر واپس شملہ چلی گئی لیکن تفتیش کے لیے این سی بی نے اسے کیوں طلب نہیں کیا؟ سوال یہ بھی ہے کہ این سی بی کنگنا پر اتنی مہربان کیوں ہے؟ کیا کنگنا بالی ووڈ کا حصہ نہیں ہے؟ این سی بی اگر واٹس ایپ کی بات چیت کی بنیاد پر تفتیش کے لیے طلب کرتی ہے تو کنگنا کے اعترافی ویڈیو کی جانب سے نظریں کیوں پھیرلی گئی ہیں؟ سچن ساونت نے کہا کہ اگر این سی بی کسی کو بچانے کے لیے تفتیش کررہی ہے تو ہم یہ نہیں ہونے دیں گے۔ اسی لیے ہم اس سے یہ سوالات کررہے ہیں۔ ڈرگس کنکشن کے معاملے میں اتنے اینگل ہونے کے باوجود این سی بی ان کی طرف سے توجہ کیوں نہیں کررہی ہے؟

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading