ای ڈی، سی بی آئی وانکم ٹیکس جیسی مرکزی ایجنسیوں کی مدد سے
مہاوکاس اگھاڑی حکومت کو غیرمستحکم کرنے کی بی جے پی کی سازش: ناناپٹولے
ریاست میں شیوسینا کی انگلی پکڑ کر پروان چڑھنے والی بی جے پی اب شیوسینا کوہی ختم کرنے کی سازش میں مصروف ہے
ممبئی:مہاراشٹر میں بی جے پی اسی شیوسینا کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جس کی انگلی پکڑ کر وہ ریاست میں پروان چڑھی۔ آئین اور جمہوریت پر عمل نہ کرتے ہوئے مرکز کی مودی حکومت ای ڈی، سی بی آئی اور انکم ٹیکس جیسی سرکاری ایجنسیوں کی مدد سے مہا وکاس اگھاڑی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔بی جے پی پر یہ تنقید مہاراشٹر پردیش کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکز میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی کا واحد مقصد کسی بھی طریقے سے اقتدار پر قبضہ کرنا ہے۔ بی جے پی کو عام لوگوں اور ان کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ بی جے پی نے انہی پارٹیوں کو ختم کرنے کا کام کیا ہے جن کے سہارے اس نے کی ترقی ہوئی ہے۔ بہوجن سماج پارٹی، لوک جن شکتی پارٹی اور مکیش ساہنی کی وی آئی پی پارٹی ایسی کئی مثالیں ہیں، جن کا بی جے پی نے صفایا کر دیا۔ پٹولے نے کہا کہ اروناچل پردیش، مدھیہ پردیش اور کرناٹک کے بعد اب مہاراشٹر میں بھی مرکزی حکومت ای ڈی، سی بی آئی اور انکم ٹیکس کا استعمال مہاوکاس اگھاڑی حکومت کو غیر مستحکم کرنے اور شیوسینا کو ختم کرنے کے لیے کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی مہا وکاس اگھاڑی کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔ نانا پٹولے نے کہا کہ یہ ایک بڑا مذاق ہے کہ بی جے پی جس نے پی ڈی پی جیسی پارٹی کے ساتھ اتحاد کرکے اقتدار کا مزہ لیا وہ اب دوسری پارٹیوں سے ہندوتوا کا سرٹیفکیٹ مانگ رہی ہے۔ بی جے پی کا ہندوؤں اور ہندوتوا سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ وہ صرف اقتدار چاہتی ہے۔ بی جے پی نے بھگوان رام کے نام پر غریبوں سے پیسے لیے لیکن ایک پیسے کا حساب نہیں دیا۔ بھلے ہی بی جے پی کے منہ میں رام کا نام آتا ہو لیکن اقتدار کے تئیں ان کا شیطانی رویہ ایک بار پھر دیکھنے کو ملا ہے۔