MPCC Urdu News 24 Jan 24

مہنگائی، بیروزگاری، کسانوں کے مسائل پر وزیراعظم کی زبان خاموش کیوں؟ : رمیش چینتھلا

ملک کی بھلائی اور ترقی کے لیے مرکز میں’انڈیا‘ اتحاد کی حکومت نہایت ضروری ہے

راہل گاندھی کے نیائے یاترا میں رکاوٹ ڈالنے کی آسام میںگھٹیا سیاست

روہت پوار کے خلاف ای ڈی کی کارروائی سیاسی ہے، بی جے پی لیڈروں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں ہو رہی؟

کوکن ڈویژن کی ضلعی جائزہ میٹنگ کا بھیونڈی میں انعقاد

ممبئی/بھیونڈی: ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی نے تین بار مہاراشٹر کے دورے پر آئے لیکن ریاست کو کچھ نہیں دیا۔ وزیر اعظم مودی بیشتر ریاستوں میں تین چار بار جارہے ہیں لیکن عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے بارے میں ایک لفظ تک نہیں بول رہے ہیں۔ آج ملک میں کسان، مزدور نہایت مشکل حالات میں جی رہے ہیں، بے روزگار نوجوان نوکریوں کے انتظار میں ہیں لیکن وزیر اعظم کی زبان گنگ ہے۔ وہ صرف ایک موضوع پر بات کرتے ہیں اور وہ ہے رام مندر۔ سوال یہ ہے کہ وزیر اعظم مہنگائی، بے روزگاری اور کسانوں کو درپیش مشکلات جیسے سنگین مسائل پر بات کیوں نہیں کرتے؟ یہ سوال مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے انچارج رمیش چننیتھلا نے کیا ہے۔ وہ بھیونڈی میں ریاستی کانگریس کی کوکن ڈویژن کی ضلعی جائزہ میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کر رہے تھے۔

کانگریس کے ریاستی انچارج نے کہا کہ ملک میں کروڑوں لوگ شری رام کی پوجا کرتے ہیں، ہم بھی رام کے بھکت ہیں، لیکن ہم شری رام کا نام لے کر سیاست کرنے کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو کام شنکراچاریوں کے کرنے کا ہے وہ وزیر اعظم مودی کر رہے ہیں۔ ایودھیا کے پورے پروگرام میں بھگوان رام سے زیادہ توجہ وزیر اعظم نریندر مودی پر تھی۔ بی جے پی نے رام مندر کے افتتاحی تقریب سے اپنے موافق لہر پیدا کرنے کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوسکی۔ وزیر اعظم مودی اور بی جے پی ملک کے سیکولرازم کو توڑ رہے ہیں، ملک کی سوچ بی جے پی کے خلاف ہے اس لیے ملک کی بھلائی اور ترقی کے لیے انڈیا الائنس کی حکومت بہت ضروری ہے اور اور ہم اسی کے لیے کوشش کررہے ہیں۔

رمیش چینتھلا نے کہا کہ ایم پی راہل گاندھی نے منی پور سے بھارت جوڑو نیائے یاترا شروع کی، اس سے قبل وہ کنیا کماری سے لے کر کشمیر تک تقریباً 4000 کلومیٹر کا سفر کیا لیکن کسی بھی ریاست میں یاترا کی راہ میں کوئی رکاوٹ ڈالنے کی کوشش نہیں کی گئی۔ لیکن آسام میں بی جے پی حکومت جان بوجھ کر بھارت جوڑو نیائے یاترا کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے۔ لیکن اس رکاوٹ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے آسام کے لوگ ہزاروں کی تعداد میں نیائے یاترا میں حصہ لے رہے ہیں اور راہل گاندھی کا پرجوش استقبال کر رہے ہیں۔ چنیتھلا نے کہا کہ راہل گاندھی کا یہ بیان بالکل حقیقت پر مبنی ہے کہ آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما ملک کے سب سے بدعنوان وزیر اعلیٰ ہیں۔

روہت پوار کے خلاف ای ڈی کی کارروائی سیاسی ہے

بی جے پی اپوزیشن پارٹیوں کی آواز کو دبانے اور ان پر دباؤ ڈالنے کے لیے ای ڈی کا غلط استعمال کر رہی ہے۔ ملک بھر میں اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران کے خلاف اسی طرح کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ این سی پی ایم کے ایل اے روہت پوار کے خلاف ای ڈی کی کارروائی خالص طو رپر سیاست سے آلودہ ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا ای ڈی، سی بی آئی نے ملک بھر میں بی جے پی کے کسی لیڈر کو گرفتار کیا ہے؟ چنیتھلا نے کہا کہ سچائی ہے ہے کہ بی جے پی ای ڈی اور سی بی آئی کی مدد سے حکومت چلا رہی ہے۔

اس میٹنگ میں ریاتی کانگریس کے انچارج رمیش چنیتھلا، ریاستی کانگریس کے صدر نانا پٹولے، سابق وزیر محصول بالاصاحب تھورات، اپوزیشن لیڈر وجے ودیٹی وار، سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان، سابق وزیر اور ریاستی ورکنگ صدر نسیم خان، چندرکانت ہنڈورے، سابق وزیر انیس احمد،اے آئی سی سی کے سکریٹری و معاون انچارج آشیش دووا، ریاستی کانگریس کے نائب صدر نانا گاونڈے، ریاستی کانگریس کےجنرل سکریٹری پرمود مورے، سابق ایم پی ڈاکٹر بھالچندر منگیکر، تھانے ضلع دیہی صدر دیانند چورگے، جنرل سکریٹری برج دت وغیرہ موجود تھے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading