کانگریس پارٹی اور نوجوانوں کے مسلسل مطالبے کی وجہ سے کنٹریکٹ بھرتی منسوخ

دیوندرفڈنویس کی حالت ’گرے توبھی ٹانگیں اوپر‘ جیسی ہے

فڈنویس کٹریکٹ بھرتی معاملے میں اجیت پوار اور ایکناتھ شندے کو ہی بے نقاب کردیا

ممبئی:کانگریس پارٹی نے کنٹراکٹ کی بنیاد پر سرکاری ملازمین کی بھرتی پر مسلسل آواز اٹھائی تھی۔ سرکاری نوکریوں کے انتظار میں بیٹھے نوجوانوں میں کافی غصہ تھا۔ کانگریس پارٹی نوجوانوں کے پیچھے مضبوطی سے کھڑی ہوئی اور بی جے پی حکومت کو بے نقاب کیا۔بی جے پی کو جب یہ سمجھ میں آیا کہ کنٹریکٹ بھرتی معاملے پرنوجوانوں میں زبردست ناراضگی ہے اورانتخابات میں اس کی وجہ سے اسے عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے تواس نے کنٹریکٹ بھرتی کے GR کو منسوخ کردیا لیکن ایسا کرتے ہوئے بھی دیویندر فڈنویس نے اس کا ٹھیکرا وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے سرپھوڑا ہے۔ حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کی کنٹریکٹ بھرتی سسٹم کو منسوخ کرنے کے جی آر پر یہ ردعمل مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے ظاہر کیا ہے۔

بی جے پی حکومت اور دیویندر فڈنویس کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ نائب وزیر اعلی دیویندر فڈنویس کہہ رہے ہیں کہ جب کانگریس کی حکومت تھی تو اس وقت کے وزیر اعلی سشیل کمار شندے، اشوک چوہان اور پرتھوی راج چوہان نے کنٹریکٹ کی بنیاد پر ملازمین کی بھرتی کا فیصلہ کیا تھا۔ لیکن ملازمین کی بھرتیاں حکومت ہی کرتی تھی اور اس کے بعد ان ملازمین کو مستقل کیا جاتا تھا۔ جبکہ موجودہ سرکاری ملازمین کی بھرتی پرائیویٹ کمپنی کی جانب سے کی جاتی ہے۔ اس معاملے میں سب سے اہم بات یہ کہ 2014سے2019میں دیوندرفڈنویس ہی وزیراعلیٰ تھے، پھر انہوں نے کانگریس حکومت کی سرکاری ملازمین کنٹریکٹ بھرتی کومنسوخ کیوں نہیں کیا؟ابھی بھی شندے حکومت کو آئے ڈیڑھ سال ہو چکے ہیں، اس ڈیڑھ سال میں کنٹریکٹ بھرتی کیوں منسوخ نہیں ہوا؟ پٹولے نے کہا کہ شندے حکومت کے اقتدار میں آتے ہی مہا وکاس اگھاڑی کے دور کے ترقیاتی کاموں پرآپ فوری طور پر روک لگاسکتے ہیں تو پھر کنٹریکٹ بھرتی کے جی آر کو منسوخ کرنے میں اتنا وقت کیوں لگا؟ اس کا جواب دیویندر فڈنویس کو دینا چاہیے، لیکن فڑنویس کی حالت تو ’گِرے تو بھی ٹانگیں اوپر‘ کی سی ہیں۔

ناناپٹولے نے کہا کہ ایم وی اے نے جس وقت کنٹریکٹ کی بنیاد پر ملازمین کی بھرتی کا جی آر نکالاتھااس وقت اجیت پوار نائب وزیراعلیٰ تھے۔ اس کے علاوہ فڈنویس حکومت وایم وی اے حکومت میں بھی فی الوقت کے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے وزیر تھے۔ایسا لگتا ہے کہ فڈنویس نے شندے وپوار کے سرپر اس معاملے کا ٹھیکرا پھوڑنا ہے۔ شندے وپوار کو فڈنویس نے بے نقاب کردیا ہے جس کے لیے انہیں مبارکباد دینی چاہئے۔ کانگریس پارٹی نے کنٹریکٹ بھرتی کے معاملے میں محترم گورنر رمیش بیس سے ملاقات کرتے ہوئے اس معاملے پر غور کرنے کی درخواست کی تھی۔ اس وقت گورنر نے وعدہ کیا تھا کہ وہ پرائیویٹ ایجنسیوں کے ذریعے کنٹریکٹ بھرتیوں کو دیکھیں گے۔ پٹولے نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی مخالفت اور ریاست بھر کے لاکھوں نوجوانوں کے غصے کے آگے آخر کار بی جے پی حکومت کو جھکنا پڑا ہے.