MPCC Urdu News 20 July 23

منی پور میں حیوانیت کا راج، حکومت کو فوری برخاست کیاجائے: نانا پٹولے

ملک کے وزیر اعظم کو منی پور کا’ایم‘ بولنے میں تین مہینے کیوں لگ گئے؟

منی پور میں خواتین کو برہنہ کرکے جلوس نکالنے والے درندوں کو پھانسی دی جانی چاہئے

ممبئی:منی پور تین ماہ سے جل رہا ہے لیکن ملک کے وزیر اعظم کے پاس اس پرتوجہ دینے کے لیے وقت نہیں ہے۔ منی پور میں عورتوں کو برہنہ کرکے جلوس نکالنے اور جنسی زیادتی کا شکار بنائے جانے کی ویڈیو دیکھ کر دماغ ماؤف ہوگیا ہے۔ یہ واقعہ صرف ایک عورت تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ یہ تمام خواتین پر ظلم ہے۔ منی پور کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے اور ریاستی و مرکزی حکومت حالات پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہے۔منی پور حیوانوں کا راج ہے، وہاں کی حکومت کوفوری طور پر برخاست کیا جائے۔ یہ مطالبہ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کیا ہے۔

منی پور کی صورتحال پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ منی پور میں حالات ہاتھ سے نکل چکے ہیں۔ مرکزی حکومت اس کو نظر انداز کر رہی ہے۔ جس وقت منی پور جل رہا تھا، وزیر اعظم نریندر مودی اپنے غیر ملکی دورے کے دوران تقریبات میں مصروف تھے، جس کے بعد انہوں نے وطن آکر بھی منی پورکے بارے میں نہیں سوچا۔ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس شروع ہوتے ہی انہوں نے میڈیا کے سامنے منی پور پر صرف چند منٹ کا تبصرہ کیا۔ منی پور پچھلے تین ماہ سے جل رہا ہے لیکن بدقسمتی کی بات ہے کہ ملک کے وزیر اعظم کو اس پر بات کرنے کا وقت نہیں ملا۔پٹولے نے کہا کہ سب سے افسوسناک بات یہ ہے کہ خواتین اور لڑکیوں کو برہنہ کیا جا رہا ہے جب ملک اور ریاست میں ہندوؤں کے خود ساختہ محافظوں کی حکومت ہے۔ پٹولے نے مطالبہ کیا کہ اگر اس حکومت میں ذرا بھی شرم ہے تو فوری طور پر منی پور حکومت کو برخاست کرے اور خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے والے قاتلوں کو سزائے موت دی جائے۔

منی پور حکومت کو فوراً برخاست کیا جائے: نسیم خان

’انڈیا‘ کا مقصد آئین وجمہوریت کا تحفظ ہے

ممبئی: کانگریس کے ریاستی کارگزارصدر وسابق وزیرنسیم خان نے منی پور میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی کے معاملے پر سخت تنقید کرتے ہوئے صدرجمہوریہ سے منی پور حکومت کو برخاست کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ منی پور گزشتہ تین ماہ سے تشدد جاری ہے لیکن وزیراعظم نے اس تشدد کو روکنا تو دور اس کی مذمت تک نہیں کی۔ آج جاکر انہوں نے اپنی زبان کھولی ہے لیکن اس میں وہ سیاست کرنے سے نہیں چوکے۔، جونہایت افسوسناک ہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے نسیم خان نے کہا کہ وزیراعظم کے پاس ہربات کے لیے وقت ہے لیکن اگر وقت نہیں ہے تو منی پور کا دورہ کرنے کے لیے۔ وہاں پرگزشتہ ۳ ماہ سے جس طرح کے پرتشد د واقعات ہورہے ہیں، لوگوں کو مارا جارہا ہے، گھر سے بے گھر کیا جارہا ہے، مذہبی مقامات کو نذرِ آتش کیا جارہا ہے مگر ہمارے وزیراعظم کواس سے کوئی فرق نہیں پڑا۔ انہوں نے کل تک اس کی مذمت تک نہیں کی تھی۔نسیم خان نے کہا کہ گزشتہ دو دنوں سے ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں خواتین کے ساتھ حوانیت کا سلوک کیا جارہا ہے، وہ ملک کو شرمشار کرنے والاواقعہ ہے۔ نسیم خان نے کہا کہ کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی نے منی پور کا دورہ کرکے وہاں کے لوگوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کی کوشش کی لیکن مرکزی وریاستی حکومت اپنی آنکھوں پر پٹی باندھے ہوئے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ منی پور میں امن وامان ہونا چاہئے لیکن ووہاں کی موجودہ حکومت یہ کرنے میں مکمل طو رپر ناکام ہے۔ اس لیے صدرجمہوریہ سے ہمارا مطالبہ ہے کہ منی پور کی حکومت کو فوراً برخاست کریں۔

اپوزیشن پارٹیوں کے اتحاد پر بات کرتے ہوئے نسیم خان نے کہا کہ ابھی تک دو میٹنگیں ہوچکی ہیں، تیسری میٹنگ ممبئی میں ہوگی جس میں ’انڈیا‘ میں شامل تمام پارٹیاں شریک ہونگی۔ ممبئی کی میٹنگ کافی اہم ہوگی۔ نسیم خان نے کہا کہ ’انڈیا‘ میں شامل تمام پارٹیوں کا بس ایک ہی مقصد ہے کہ ملک میں آئین وجمہوریت کا تحفظ کیا جائے۔ کانگریس پارٹی کی بھی یہی مہم اورتمام اپوزیشن پارٹیوں کوساتھ لے کر کانگریس یہ لڑائی لڑے گی۔ نسیم خان نے کہا کہ ممبئی میں جو میٹنگ ہونے والی ہے، اس میں مزید کچھ اپوزیشن پارٹیوں کے شریک ہونے کی امید ہے۔

ممبئی میں خطرناک عمارتوں میں رہنے والوں کی بازآبادکاری کے تعلق سے نسیم خان نے کہا کہ کانگریس کی حکومت کے دور میں یہ فیصلہ ہوا تھا کہ خطرناک جگہوں پر رہنے والوں کی بازآبادکاری کی جائے لیکن دیکھا یہ جارہا ہے کہ جب بارش آتی ہے تو ہی حکومت وبی ایم سی کی نیند کھلتی ہے۔ جب اگر قبل ازقت اس کی تیاری کی جائے تو جس طرح کے حادثات ہورہے ہیں، اس سے بہت حد تک بچا جاسکتا ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading