اسمبلی میں ریزرویشن پر وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کی تقریر بی جے پی-آر ایس ایس کی اسکرپٹ: نانا پٹولے
ذات پر مبنی مردم شماری ہی ریزرویشن کا واحد حل ہے، لیکن آر ایس ایس کی طرح حکومت بھی اس کے خلاف ہے
پیاز کے معاملے پر شندے حکومت کا دہلی دورہ محض دکھاوا ہے
ناگپور:اس وقت ریاست میں مختلف طبقات کے لیے ریزرویشن کا فیصلہ کرنے کے لیے ذات پرمبنی مردم شماری ہی واحد آپشن ہے۔ کانگریس پارٹی نے ایوان میں اپنا موقف پیش کیا ہے، جب کہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ ذات پرمبنی مردم شماری کے خلاف ہے۔ سنگھ اور بھارتیہ جنتا پارٹی ریزرویشن ختم کرنا چاہتے ہیں۔ مہاراشٹر میں اس کو لے کر تنازعہ بڑھتا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے جس طرح سے اسمبلی میں ریزرویشن پر تقریر کی، وہ پوری طرح سے بی جے پی اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کی اسکرپیٹ پر مبنی تھی۔ یہ سخت تنقید مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کی ہے۔
کل (بدھ)اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ ذات پرمبنی مردم شماری ہی معاشی، تعلیمی اور سماجی طور پر کمزور طبقات کو ریزرویشن فراہم کرنے کا واحد آپشن ہے۔ شندے کمیٹی کا کام صرف یہ دیکھنا ہے کہ کنبی حلف نامہ موجود ہے یا نہیں۔ یہ کوئی مستقل کام نہیں ہے۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اسمبلی میں کہا کہ کئی ذاتیں ریزرویشن کا مطالبہ کر رہی ہیں جس کے لیے تحریکیں چل رہی ہیں۔ اس کا واحدحل ذات پرمبنی مردم شماری ہے۔ بی جے پی حکومت ذات پات پرمبنی مردم شماری کرائے، تاکہ سب کو انصاف مل سکے اورمہاراشٹر آگے بڑھ سکے۔
پیاز کے معاملے پر شندے حکومت کا دہلی دورہ محض دکھاوا ہے
صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ کسانوں کی پیازکی فصل خراب ہو گئی ہے۔ اب ریاست کے وزیر اعلیٰ دہلی جا کر کیا کریں گے؟ ڈبل انجن والی حکومت ان دنوں کیا کر رہی تھی؟ ریاست کی کئی مارکیٹ کمیٹیوں میں کسانوں کی پیاز چار پانچ دن تک گاڑیوں میں پڑی رہی۔ اب اس نقصان کی تلافی کون کرے گا؟ یہ حکومت کسان مخالف ہے۔ دہلی کا دورہ پیاز کے معاملے پر محض ایک دکھاوا ہے۔ پٹولے نے کہاکہ ہیروں کے کاروبار کو ممبئی سے سورت منتقل کردیاگیا ہے۔ اس کے علاوہ گجرات لابی مزیدکئی صنعتوں کو ممبئی سے لے جانے کے لیے کام کررہی ہے۔