حکومت کسانوں کے مسائل پر سنجیدہ نہیں ہے۔ کسانوں کے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہے: نانا پٹولے

زرعی قرضوں اور بیجوں سے متعلق ریاستی حکومت کی طرف سے غلط معلومات دی گئی

وزیر زراعت کے نام پر وصولی کرنے والوں کے خلاف کیا کارروائی کی گئی؟

اساتذہ کی بھرتی میں حکومتی بدانتظامی، فوری اقدام کرتے ہوئے احتجاجیوں کو انصاف دیا جائے

ممبئی:ریاست میں بی جے پی کی قیادت والی ٹرپل انجن حکومت کسانوں کے مسائل کو لے کر سنجیدہ نہیں ہے۔ حکومت قرضوں اور بیجوں کی تقسیم کے حوالے سے غلط معلومات دے رہی ہے۔ مہاراشٹر اسٹیٹ کوآپریٹیو بینک کی طرف سے ہدایات جاری کرنے کے بعد بہت سے کوآپریٹو بینکوں نے قرض نہیں دیا ہے، قومی بینک تو کسانوں کو اپنی دہلیز پر کھڑے تک نہیں کرتے ہیں اور حکومت کہہ رہی ہے کہ کسانوں کو قرضوں کی تقسیم ہو چکی ہے۔اسمبلی میں حکومت جھوٹے دعوے کرتے ہوئے کسانوں کے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہے۔ یہ باتیں ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہیں ہیں۔

قانون ساز اسمبلی میں بحث میں حصہ لیتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے حکومت پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیج اور کھاد کی قیمتوں میں اضافے سے کسان مشکل میں ہیں۔ کسانوں کو ساہوکاروں کے پاس جانا پڑرہا ہے کیونکہ بینک انہیں قرض نہیں دے رہے ہیں۔لیکن حکومت ان سب باتوں سے انکار کررہی ہے جو صریح جھوٹ ہے۔ پٹولے نے کہا کہ کئی کوآپریٹو بینکوں نے کسانوں کو قرض نہیں دیا ہے۔ بیج وکھادوں کی قیمتیں مہنگی کر دی گئی ہیں، ناقص بیجوں کی بھرمار ہے۔ پٹولے نے یہ بھی سوال کیا کہ وزیر زراعت کے نام پر بیوپاریوں سے وصولی کرنے والوں کے خلاف کیا کارروائی کی گئی؟

اساتذہ بھرتی معاملے میں حکومتی بدانتظامی

ریاست میں لاکھوں طلبہ ہیں جنہوں نے بی ایڈ، ڈی ایڈ اور سی ای ٹی کے امتحانات پاس کیے ہیں۔ اساتذہ کی بھرتی کے لیے ان پر غور کرنے کے بجائے حکومت نے ایک جی آر جاری کیا ہے کہ وہ ریٹائرڈ اساتذہ کو 20 ہزار روپے تنخواہ پر تعینات کرے گی۔ پونے، ممبئی سمیت کئی شہروں میں حکومت کی اس ناانصافی پر مبنی جی آر کے خلاف نوجوان احتجاج کر رہے ہیں۔ ریاست میں ضلع پریشد اسکولوں کی حالت نہایت ابتر ہے، بھنڈارا ضلع میں ایک خستہ حال جھونپڑی میں اسکول چلانا پڑرہا ہے۔ عام بچوں کی تعلیم کا مسئلہ نہایت سنگین ہے، حکومت کو اس معاملے میں فوری طور پر توجہ دینی چاہئے۔