مقامی بلدیاتی اداروں کے انتخابات میں برسرِ اقتدار پارٹیوں کی جانب سے جمہوریت کا قتل، نامساعد حالات میں کانگریس کارکنوں نے عزم کے ساتھ مقابلہ کیا
کانگریس کی پولیٹیکل افیئرز کمیٹی کے اجلاس میں سیاسی و سماجی مسائل پر تفصیلی غور
ممبئی: مہاراشٹر کانگریس کے انچارج رمیش چینتھلا نے کہا ہے کہ آئندہ سال ریاست میں تنظیمی استحکام پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور گاؤں کی سطح تک تنظیمی تقرریاں کی جائیں گی، ساتھ ہی مختلف سیل، شعبہ جات اور سیوادل کو بھی مضبوط کیا جائے گا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مرکز اور ریاست میں بی جے پی حکومت ترقی کے نام پر صرف سیاست کر رہی ہے جبکہ کسانوں کے مسائل سنگین صورت اختیار کر چکے ہیں، خودکشیوں میں اضافہ ہوا ہے، بے روزگاری بڑھ رہی ہے، خواتین پر جرائم میں اضافہ ہوا ہے اور قانون و نظم و نسق کی صورتحال تشویشناک ہے۔ ان تمام عوامی مسائل کو لے کر کانگریس مختلف احتجاجی تحریکوں اور ریلیوں کے ذریعے حکومت سے جواب طلب کرے گی۔
تلک بھون میں منعقدہ کانگریس کی پولیٹیکل افیئرز کمیٹی کے اجلاس میں رمیش چیتھلا کی موجودگی اور ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال کی صدارت میں اہم سیاسی و سماجی امور پر تفصیلی بحث کی گئی۔ اجلاس میں قانون ساز پارٹی کے لیڈر وجے ویڈیٹی وار، قانون ساز کونسل میں پارٹی لیڈر ستیج عرف بنٹی پاٹل، سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن بالاصاحب تھورات، سابق ریاستی صدر و اسپیکر نانا پٹولے، نسیم خان، مانیک راؤ ٹھاکرے، چندرکانت ہنڈورے، ڈاکٹر نتین راؤت، یشومتی ٹھاکر، امیت دیشمکھ، شیواجی راؤ موگھے، اسلم شیخ، امین پٹیل، کنال چودھری، ریحانہ چشتی، کلیان کالے، شوبھا بچھاؤ، ابھیے چھاجیڈ، ایڈوکیٹ گنیش پاٹل، موہن جوشی، مظفر حسین، سندھیا سوالاکھے، شیو راج مورے، ولاس اوتاڈے، ساگر سالونکھے اور دیگر لیڈران شریک ہوئے۔
میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رمیش چینتھلا نے کہا کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں برسرِ اقتدار بی جے پی مہایوتی نے انتظامی مشینری کا ناجائز استعمال کیا اور بڑے پیمانے پر مالی وسائل کا سہارا لیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ انتخابی عمل میں استعمال ہونے والی بھاری رقم کہاں سے آئی۔ ان کے مطابق اقتدار کے غلط استعمال سے جمہوریت کو نقصان پہنچا ہے۔ اس کے باوجود کانگریس کارکنوں نے دباؤ کے ماحول میں بھی عزم کے ساتھ مقابلہ کیا اور مناسب کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت بدعنوانیوں میں ملوث ہے اور ریاست میں سرمایہ کاری نہیں آ رہی بلکہ پڑوسی گجرات منتقل ہو رہی ہے، جبکہ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس داخلی سیاست میں مصروف ہیں۔
چندرپور میئر انتخاب کے بارے میں انہوں نے کہا کہ مہاوکاس اگھاڑی کے اتحادی شیو سینا (یو بی ٹی) نے کانگریس سے حمایت کی بات کی تھی مگر عین وقت پر بی جے پی کی حمایت کر دی، مگر کانگریس نے پربھنی میں بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کے لیے اتحاد کا فریضہ ادا کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کانگریس نے کسی قسم کا بدلہ لینے کی سیاست نہیں کی اور جمہوریت و آئین کے تحفظ کے لیے اتحاد قائم کیا گیا ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے طیارہ حادثے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے رمیش چینتھلا نے کہا کہ اگر اہلِ خانہ نے سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا ہے تو مرکزی حکومت کو اس پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔ راجیہ سبھا انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ تاحال کانگریس سے کسی نے رابطہ نہیں کیا، اگر مشاورت کی جائے گی تو پارٹی قیادت سے مشورے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔