مودی حکومت کے خلاف عوام میں شدید غصہ، ودربھ کی پانچوں سیٹوں پر انڈیا الائنس کے امیدواروں کی جیت یقینی ہے: نانا پٹولے
بی جے پی نہرو اور گاندھی خاندان پر تنقید کرکے اپنے گناہ چھپانے کی کوشش تو کر رہی ہے لیکن مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل پروہ کیوں خاموش ہے؟
بی جے پی کے امیدواروں نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، اخراجات کی حد سے تجاوز کیا، کانگریس نے کی الیکشن کمیشن سے شکایت
انتخابی مہم کے آخری دن ودربھ میں کانگریس کے لیڈروں نے اپنی پوری طاقت لگائی، گوندیا میں کانگریس کے ریاستی صدر کی قیادت میں مختلف گروپوں نے کیا مارچ کیا
گونڈیا/ممبئی: لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے کی مہم کے آخری دن بدھ کو کانگریس کے لیڈروں نے زوردار انتخابی مہم چلائی۔ لوک سبھا انتخابات کی کمان اب عوام کے ہاتھوں میں ہے اور کانگریس و انڈیا الائنس کے امیدواروں کو عوام کا زبردست تعاون حاصل ہوا ہے۔ لوگوں نے کئی گاؤں سے حکمراں پاریٹوں کے امیدواروں کو بھگا دیا ہے۔ عوام 10 سال کی ظالم حکمرانی سے تنگ آچکے ہیں اور مہاراشٹر سمیت پورے ملک میں تبدیلی چاہتے ہیں۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہا ہے کہ مودی حکومت کے خلاف لوگوں میں زبردست غصہ ہے اور ودربھ کی پانچوں سیٹوں پر انڈیا الائنس کے امیدواروں کی جیت یقینی ہے۔
بھنڈارا میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ گزشتہ 10 سالوں میں مرکز کی آمرانہ حکومت نے ملک کی جائیداد بیچ کر، ملک کو قرضوں میں ڈبو کر، نوجوانوں کی زندگیاں برباد کرکے اور تشدد کرکے ملک کو چلایا ہے۔ بی جے پی لیڈر نہرو گاندھی خاندان پر تنقید کرکے اپنے گناہ چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن مہنگائی اور بے روزگاری جیسے سلگتے ہوئے مسائل پر بات نہیں کر رہے ہیں۔ مودی حکومت کے خلاف عوام کے ذہنوں میں غصہ ہے۔ کانگریس اور انڈیا الائنس کو جس طرح سے عوام نے جواب دیا ہے، اس نے ووٹنگ سے پہلے اپنے فیصلے پر مہر ثبت کر دی ہے اور ودربھ کے پانچوں لوک سبھا حلقوں میں تبدیلی کی تصویر دیکھی جا رہی ہے۔ کانگریس پارٹی کے قائدین اور کارکنوں نے گھر گھر جاکر 5 انصاف اور 25 ضمانتوں کے بارے میں جانکاری دی ہے۔ کانگریس پارٹی کی گارنٹی عوام کی بھلائی کی ہے جبکہ مودی کی گارنٹی بدعنوان لوگوں کو بچانے کی ہے۔ ای ڈی، سی بی آئی کے دباؤ میں بی جے پی نے بدعنوان لوگوں کو بی جے پی میں داخل کرنے اور انہیں اپنی واشنگ مشینوں میں دھو کر صاف کرنے کا کام کیا ہے۔
کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ بی جے پی امیدواروں نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے۔ اخراجات کے حد کو تجاوز کیا ہے جس کے خلاف کانگریس نے الیکشن کمیشن سے شکایت کی ہے۔ بی جے پی کانگریس، گاندھی اور نہرو خاندان پر الزام لگا کر اقتدار میں آئی لیکن انہوں نے پچھلے 10 سالوں میں کیا کیا؟ اس پر بی جے پی لیڈروں کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔
بھنڈارا-گوندیا لوک سبھا سیٹ سے انڈیا الائنس کے امیدوار ڈاکٹر پرشانت پڈولے کے لیے مہم چلانے کے لیے نانا پٹولے کی قیادت میں شہر کے اندر ایک پد یاترا نکالی گئی۔ یہ پد یاترا ماما چوک سے شروع ہو کر نہرو چوک، امبیڈکر چوک، گاندھی چوک، گوری لال چوک، درگا چوک، چاندنی چوک، شنکر چوک، یادو چوک، رام نگر، پال چوک سے ہوتی ہوئی گرودوارہ مرار ٹولی بس اسٹاپ پر اختتام پذیر ہوئی۔ اس پد یاترا کے دوران لوگوں کی طرف سے ملنے والے زبردست تعاون سے یہ واضح ہو گیا کہ لوگوں نے کانگریس کے ’نیائے پترا‘ کو اپنی رضامندی دے دی ہے۔ اس موقع پر گوندیا کانگریس ضلع صدر اور ایم ایل اے دلیپ بنسوڑے، گوندیا کانگریس سٹی صدر یوگیش اگروال، تعلقہ صدر رمیش امبولے، کانگریس کے عہدیدار، کارکنان اور شہری بڑی تعداد میں موجود تھے۔