بی جے پی اتحاد حکومت ہی اصل بھکاری ہے: کسانوں کی توہین کرنے والے وزیر زراعت مانک راؤ کو اقتدار کا غرور

کیا ایک روپے میں فصل بیمہ دے کر حکومت کسانوں پر احسان کر رہی ہے؟

ممبئی: بی جے پی اتحاد حکومت کسان مخالف ہے اور یہ حقیقت بارہا بے نقاب ہو چکی ہے۔ کبھی کسانوں کو دہشت گرد، نکسل وادی اور احتجاجی ذہنیت رکھنے والا کہہ کر ان کی توہین کی گئی اور اب ریاست کے وزیر زراعت مانک راؤ کوکاٹے نے کسانوں کو ’بھکاری‘ کہہ کر اپنی دانشمندی کا مظاہرہ کیا ہے۔ کوکاٹے کا یہ بیان اقتدار کے نشے میں ڈوبے ہونے کا ثبوت ہے۔ کسان بھکاری نہیں، بلکہ جی ایس ٹی کے ذریعے کسانوں اور عوام کو لوٹنے والی بی جے پی اتحاد حکومت ہی اصل بھکاری ہے۔ یہ سخت حملہ کانگریس کے سینئر لیڈر نانا پٹولے نے کیا۔

وزیر زراعت مانک راؤ کوکاٹے کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ کسان پوری دنیا کا پالنے والا ہے، اس کی توہین کرنا ذہنی پستی کی علامت ہے۔ بی جے پی اتحاد حکومت کسانوں کے مفادات کے خلاف کام کر رہی ہے اور صرف امیر طبقے کے فائدے کی پالیسی بنا رہی ہے۔ ایک روپے میں فصل بیمہ دینے کا مطلب یہ نہیں کہ حکومت کسانوں پر کوئی احسان کر رہی ہے اور یہ پیسہ مانک راؤ کوکاٹے اپنی جیب سے نہیں دے رہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ حکومت نہ تو کسانوں کی پیداوار کے مناسب دام دے رہی ہے، نہ قرض معافی کر رہی ہے اور انتخابی دور میں کسانوں کو جھوٹے وعدوں کے ذریعے بہلا کر ان کے ووٹوں کی بھیک مانگ رہی ہے۔

نانا پٹولے نے مزید کہا کہ حکومت نے زرعی سازوسامان پر 18 فیصد جی ایس ٹی نافذ کر کے کسانوں کی جیب سے پیسہ چھینا اور اب انہیں ہی ’بھکاری‘ کہنے کی جسارت کر رہی ہے۔ حکومت کے زرعی محکمے کی بدعنوانیوں کا پردہ حال ہی میں فاش ہوا ہے، اور فصل بیمہ یوجنا میں بھی بڑے پیمانے پر کرپشن سامنے آیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر زراعت مانک راؤ کوکاٹے کسانوں سے فوری طور پر معافی مانگیں اور وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس و نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کو چاہیے کہ انہیں فوراً برطرف کریں۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading