فڈنویس منوج جرانگے پاٹل کی بھوک ہڑتال ختم کرانے کیوں نہیں گئے؟: اتل لونڈھے
کیا فڈنویس جرانگے سے ایکناتھ شندے کے کیے گئے وعدے کی حمایت کرتے ہیں؟
وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے سمیت 16؍ لوگوں پر نااہلی کی تلوار لٹک گئی ہے
ممبئی:مراٹھا ریزرویشن کے لیے انتروالی سراٹی گاؤں میں گزشتہ 17 دنوں سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے منوج جرانگے پاٹل نے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی باتوں پر بھروسہ کرتے ہوئے اپنی بھوک ہڑتال ختم کر دی ہے۔ اگر وزیر اعلیٰ خود گئے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ انہوں نے حکومت کی طرف سے جرانگے سے ملاقات کی، لیکن تین پارٹیوں کی حکومت میں سب سے بڑی پارٹی بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈراور نائب وزیراعلیٰ دیویندر فڈنویس اایکناتھ شندے کے ساتھ کیوں نہیں گئے؟ کیا فڈنویس ایکناتھ شندے کے ذریعے جرانگے سے کیے گئے وعدے کی حمایت کرتے ہیں؟یہ سوال آج یہاں ریاستی کانگریس کے چیف ترجمان اتل لونڈھے نے کیا ہے۔
جمعرات کو تلک بھون میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے اتل لونڈھے نے کہا کہ جب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے منوج جرانگے پاٹل کی بھوک ہڑتال ختم کرانے کے لیے جالنہ ضلع میں گئے تو اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر نے 16؍ممبران اسمبلی کی نااہلی پر سماعت شروع کردی۔ اس سماعت کے بعد اگر ایکناتھ شندے سمیت ان کی شیوسینا کے 16؍ ایم ایل ایز کو نااہل قرار دے دیا جاتا ہے تو یہ ایک اہم سوال ہے کہ کیا شندے وزیر اعلیٰ رہیں گے۔ سپریم کورٹ نے ادھو ٹھاکرے کی پارٹی شیو سینا کے سنیل پربھو کوچیف وہیپ کے عہدے کی منظوری دی ہے۔ ایسے میں اگر ایکناتھ شندے وزیر اعلیٰ کا عہدہ چلاجاتا ہے توبی جے پی کو یہ نہیں کہنا چاہیے کہ یہ پچھلی حکومت کا فیصلہ تھا۔
اتل لونڈھے نے کہا کہ بی جے پی کے ساتھ ساتھ این سی پی کا اجیت پوار دھڑا اور شیو سینا کا شندے دھڑا بھی ریاستی حکومت میں شامل ہے، لیکن آج وزیر اعلیٰ شندے کے ساتھ بھوک ہڑتال کا معاملہ سلجھانے گئے اور فڈنویس نہیں گئے۔ فڈنویس کو بتانا چاہئے کہ ایکناتھ شندے نے جرانگے پاٹل کو جو وچن دیا ہے، اس پر بی جے پی بھی قائم ہے۔ لونڈھے نے کہا کہ کانگریس پارٹی کا موقف او بی سی برادری کے ریزرویشن کو متاثر کیے بغیر مراٹھا برادری کو ریزرویشن دینے کا ہے۔ لونڈھے نے یہ بھی کہا کہ یہ مضحکہ خیز ہے کہ ریزرویشن کے اس کھیل میں ایکناتھ شندے کو آگے بڑھایا گیا ہے۔
