اجیت پوار اقتدار کے نشے میں مجبور ہوچکے ہیں: ہرش وردھن سپکال
میونسپل انتخاب کے امیدواروں پر کانگریس کی مہر، سیاسی کمیٹی کی دو روزہ میٹنگ میں فیصلہ، مہایوتی حکومت کے کئی لیڈر کانگریس میں شامل ہونے کے خواہشمند
ممبئی: ریاست کی تین انجن والی حکومت (مہایوتی) میں اندرونی اختلافات انتہا کو پہنچ چکے ہیں، مگر اقتدار کے لالچ میں یہ سبھی پارٹیاں ایک دوسرے سے چمٹی ہوئی ہیں۔ یہ اقتدار کے لیے کچھ بھی کرنے کے لیے تیار ہیں۔ یہی ان کی اصل پالیسی ہے۔ نیشنلسٹ کانگریس کے لیڈر اور نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار اقتدار کے نشے میں اس قدر مجبور ہو چکے ہیں کہ وہ اقتدار چھوڑ کر جی ہی نہیں سکتے، لہٰذا ان کے حکومت سے باہر ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ یہ بات مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے کہی۔
کانگریس کے ریاستی صدر نے تلک بھون میں منعقدہ کانگریس کی ریاستی انتخابی کمیٹی کی دو روزہ میٹنگ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ باتیں کہیں۔ اس میٹنگ میں اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف وجے وڈیٹیوار، قانون ساز کونسل میں کانگریس کے گروپ لیڈر ستج عرف بنٹی پاٹل، ریاستی انچارج بی ایم سندیپ، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن و سابق وزیر نسیم خان، ریاستی نائب صدر موہن جوشی، وجاہت مرزا، تنظیم و انتظامیہ کے جنرل سکریٹری ایڈووکیٹ گنیش پاٹل، سدھارتھ ہتی امبیرے، سچن نائک اور دیگر عہدیداران شریک تھے۔
ہرش وردھن سپکال نے بتایا کہ دو روز تک جاری رہنے والی اس میٹنگ میں میونسپل اور نگر پنچایت انتخابات کے امیدواروں کے انتخاب کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ تمام امیدواروں کا تعین مقامی قیادت سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع کا سیاسی توازن مختلف ہے، اس لیے مقامی سطح پر ہم خیال پارٹیوں سے اشتراک قائم کیا گیا ہے۔ کئی اضلاع میں ونچت بہوجن اگاڑی، شیتکری کامگار پارٹی، کسان تنظیم اور راشٹر وادی سماج پارٹی کے ساتھ اتحاد ہوا ہے، تاہم منسے کے ساتھ اتحاد کی کسی بھی ضلع سے کوئی تجویز سامنے نہیں آئی۔
اس موقع پر بی جے پی کے کئی لیڈروں کے کانگریس میں شامل ہونے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ چندرپور ضلع سے بی جے پی کے رکن اسمبلی بنٹی بھانگڑیہ کے قریبی حامی اور بی جے پی اقلیتی مورچہ مہاراشٹر کے جنرل سکریٹری جنید خان نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ہرش وردھن سپکال اور قائدِ حزبِ اختلاف وجے وڈیٹیوار کی موجودگی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ سپکال نے تمام نئے اراکین کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مہایوتی حکومت میں دھوکے اور ناانصافی کی فضا نے تینوں پارٹیوں کے کئی عہدیداران کو مایوس کر دیا ہے اور آنے والے دنوں میں حکمراں اتحاد کے مزید اہم رہنما کانگریس میں شامل ہوں گے۔ میٹنگ کے آغاز میں بلڈھانہ ضلع کے چکھلی تعلقہ کانگریس کے سابق صدر ڈاکٹر ستیندر بھوساری کے سڑک حادثے میں جاں بحق ہونے پر دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور انہیں عقیدت بھری خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
MPCC Urdu News 13 November 25.docx