ہرش وردھن سپکال اور امیت دیشمکھ کی موجودگی میں تلک بھون میں کئی اہم لیڈران کی بھی کانگریس میں شمولیت
ممبئی: راشٹروادی کانگریس پارٹی شرد پوار کے دھاراشیو ضلع کے سرکردہ لیڈر اشوک جگدالے نے آج اپنے متعدد ساتھیوں اور کارکنوں کے ہمراہ باقاعدہ طور پر کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ ممبئی کے تلک بھون میں ہونے والے ایک خصوصی پروگرام میں کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال اور سابق وزیر و رکن اسمبلی امیت دیشمکھ نے اشوک جگدالے اور ان کے ساتھیوں کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور اسے ریاستی سیاست میں اہم پیش رفت قرار دیا۔
اشوک جگدالے کے ساتھ ہی نلدُرگ کے سابق صدرِ بلدیہ نیتن کاشار، سابق نائب صدرِ بلدیہ شریف بھائی شیخ، سابق کونسلر امرت بھاؤ پوڈالے، سابق کونسلر سُمن تائی جادھو، سنجے بیڑگے، تاج الدین سید، رکن الدین شیخ، علیم شیخ، دتہ راتھوڈ، امول سروَسے، نول کمار جادھو اور سابق صدرہائے بلدیہ ریکھا تائی وسنت باگل سمیت سیکڑوں کارکنوں نے بھی کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔
ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے تمام نئے شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ہمیشہ تمام مذاہب اور طبقات کو ساتھ لے کر چلنے والی پارٹی رہی ہے۔ کانگریس کا نظریہ ملک کو متحد رکھنے اور جمہوری روایت کو مضبوط کرنے والا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ راہل گاندھی کی جدوجہد اور ان کی عوامی سیاست پر بڑھتا ہوا اعتماد اس بات کی علامت ہے کہ ریاست میں کانگریس کے بہتر دن دوبارہ لوٹ کر آئیں گے۔ کانگریس میں ہونے والی یہ بڑی شمولیت ریاستی سیاسی منظرنامے میں اہم اضافہ تصور کی جا رہی ہے، جس سے پارٹی کی تنظیمی طاقت میں مزید مستحکم ہوگی۔
MPCC Urdu News 11 November 25.docx