’’آنگن واڑی کارکن ہی بچے کی پہلی معلم‘‘ ’’تغذیہ بھی تعلیم ہے‘‘ تربیتی پروگرام میں ضلع کلکٹر ڈاکٹر شری کرشنا پانچال کا خطاب

’’آنگن واڑی کارکن ہی بچے کی پہلی معلم‘‘
’’تغذیہ بھی تعلیم ہے‘‘ تربیتی پروگرام میں ضلع کلکٹر ڈاکٹر شری کرشنا پانچال کا خطاب

تھانے (آفتاب شیخ)
محکمہ خواتین و اطفال کی جانب سے جیجا ماتا کام کاجی خواتین ہاسٹل (ڈبلیو ڈبلیو ایچ)، کوپری، تھانے میں منعقدہ تربیتی پروگرام ’’تغذیہ بھی تعلیم ہے‘‘ کا 10 نومبر 2025 کو ضلع کلکٹر ڈاکٹر شری کرشنا پانچال (آئی اے ایس) نے معائنہ کیا اور اس موقع پر آنگن واڑی کارکنوں سے گفتگو کی۔ انہوں نے حمل کے دور سے لے کر بچے کی چھ سال کی عمر تک جسمانی، ذہنی اور فکری نشوونما میں آنگن واڑی کارکنوں کی اہمیت اور ذمہ داری پر روشنی ڈالی۔

ڈاکٹر پانچال نے کہا کہ آنگن واڑی کارکن بچے کی زندگی میں سب سے پہلی رہنما ہوتی ہے، جو نہ صرف ماں اور بچے کو مناسب تغذیہ کے بارے میں آگاہ کرتی ہے بلکہ صفائی، ٹیکہ کاری اور کھیل کے ذریعے ابتدائی تعلیم کے فروغ میں بھی بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر آنگن واڑی کارکن کو چاہیے کہ وہ گھر گھر جا کر خاندانوں میں متوازن غذا اور تعلیم کے پیغام کو مؤثر طور پر پہنچائے۔

ضلع کلکٹر نے تربیتی عمل کا جائزہ لیا، سرگرمیوں کو قریب سے دیکھا اور کارکنوں کے تجربات اور تجاویز سنے۔ اس موقع پر ضلع پروگرام افسر سنجے باگُل، نئی ممبئی اور میرا-بھائیندر کے بال وکاس پراجیکٹ افسر، چیف ورکرز اور بڑی تعداد میں تربیتی آنگن واڑی کارکن موجود تھیں۔

ضلع پروگرام افسر سنجے باگُل نے کہا کہ ’’تغذیہ بھی تعلیم ہے‘‘ محض تربیتی مہم نہیں بلکہ بچوں کی صحتمند پرورش اور مستقبل کی مضبوط بنیاد رکھنے کی ایک جامع کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کارکن یہاں حاصل شدہ معلومات کو عملی میدان میں سنجیدگی سے نافذ کریں تو یہ مہم آنے والی نسل کے لیے بہتر صحت اور روشن مستقبل کی ضامن ثابت ہو سکتی ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading