ہم عوامی خدمت کرتے ہیں، اسی لیے لوگ ہمیں آٹھ آٹھ لاکھ ووٹوں سے جتاتے ہیں: اجیت پوار

بی جے پی کے سابق ایم ایل اے بھیم راؤ دھونڈے این سی پی میں شامل، آشٹی، پاٹودا اور شیرور میں این سی پی کی طاقت میں زبردست اضافہ

ممبئی: نائب وزیر اعلیٰ اور نیشنلسٹ کانگریس کے قومی صدر اجیت پوار نے کہا ہے کہ اقتدار کا غلط استعمال کبھی دیرپا نہیں ہوتا اور نہ ہی وہ اس کا سہارا لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی اقتدار کا غرور نہیں کیا اور نہ ہی اس کا ناجائز استعمال کیا۔ ہم عوام کا کام کرتے ہیں، اسی وجہ سے عوام ہمیں آٹھ آٹھ لاکھ ووٹوں کے فرق سے جتاتے ہیں۔ انہوں نے یہ باتیں ایک خصوصی پروگرام کے دروان کہیں، جس میں بی جے پی کے سابق ایم ایل اے بھیم راؤ دھونڈے نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں کے ساتھ این سی پی میں شمولیت اختیار کی۔

یہ پروگرام ویمن ڈویلپمنٹ منڈل کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جہاں اجیت پوار نے دھونڈے اور ان کے ساتھیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں شامل ہونے والے ہر کارکن کو عزت اور مقام دیا جائے گا۔ انہوں نے کارکنوں کو صاف لفظوں میں ہدایت دی کہ سیاست صرف عہدے کے لیے نہیں، بلکہ عوامی خدمت کا راستہ ہے۔ مرکز اور ریاست کی جو بھی اسکیمیں ہیں انہیں بلا رکاوٹ غریبوں تک پہنچائیں۔ عوام کے چہروں پر اطمینان دکھائی دینا چاہیے۔ انہوں نے سخت لہجے میں کہا کہ غلط کام کی حمایت یا پردہ پوشی کسی قیمت پر ممکن نہیں۔ اگر غلطی کر کے کہیں گے کہ سنبھال لو تو یہ نہیں ہوسکتا۔ اب تو پردہ بھی پھٹ چکا ہے، لہٰذا ایسی توقع نہ رکھیں۔

صحت کے شعبے پر بات کرتے ہوئے اجیت پوار نے کہا کہ کورونا نے ثابت کر دیا کہ ریاست میں طبی ڈھانچے کو مضبوط بنانا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر ضلع میں میڈیکل کالج قائم کرنے کا فیصلہ لیا جا چکا ہے۔ امباجوگائی میں ایک ہزار کروڑ روپے سے میڈیکل کالج تیار ہوچکا ہے، جبکہ پال گھر، جالنہ اور واشم میں بھی کالج قائم کیے جائیں گے۔ بھیم راؤ دھونڈے کی تجویز پر منڈی میں کینسر اسپتال کے قیام کے لیے سی ایس آر کے تحت مدد دینے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ زراعت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی خصوصاً اے آئی نے دنیا بدل دی ہے، اب کسانوں کو بھی نئے طریقوں کو اختیار کرکے پیداوار بڑھانی ہوگی۔

اس پروگرام میں جلگاؤں اور واشم کے مختلف سیاسی پارٹیوں کے اہم لیڈران بھی این سی پی میں شامل ہوئے، جس سے پارٹی کی تنظیمی طاقت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ تقریب میں دھننجے مُنڈے، ایم ایل اے شیواجی راؤ گرجے، وجے سنگھ پنڈت، سابق ایم ایل اے بالا صاحب اجبے، ریاستی جنرل سیکریٹری سورج چوہان، بیڑ ضلع صدر راجیشور چوہان، او بی سی سیل کے صدر کلیان اکھاڑے، چندر کانت ٹھاکرے اور طلبہ ونگ کی صدر سندھیا سوناونے سمیت متعدد لیڈران موجود تھے۔

NCP Urdu News 11 Nov. 25.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading