تھانے ضلع میں شاندار انداز میں منایا جائے گا اسکول داخلہ مہوتسو، نئے طلبہ کا استقبال گلاب کے پھولوں سے ہوگا
تھانے، 11 جون (آفتاب شیخ)
ضلع پریشد تھانے کے تحت تعلیمی سال 2025-26 کا آغاز جوش و خروش کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر 16 جون 2025 کو ضلع کے تمام پرائمری اسکولوں میں اسکول داخلہ مہوتسو کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس مہوتسو کے تحت نئے داخل ہونے والے طلبہ کا استقبال گلاب کے پھولوں اور خوشگوار ماحول میں کیا جائے گا۔
یہ مکمل منصوبہ بندی ضلع پریشد تھانے کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر روہن گھوگے کی خصوصی رہنمائی میں تیار کی گئی ہے۔ تھانے ضلع میں مجموعی طور پر 1 ہزار 328 ضلع پریشد اسکولوں میں تقریباً 71 ہزار 324 طلبہ زیر تعلیم ہیں، جن کی رہنمائی کے لیے 3 ہزار 279 اساتذہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ تعلیمی سال کی شروعات طلبہ، والدین اور اساتذہ میں مثبت توانائی پیدا کرنے کے لیے کی جا رہی ہے۔
داخلہ مہوتسو کی خاص باتیں:
نئے طلبہ کا استقبال گلاب کے پھولوں سے کیا جائے گا۔
"پہلا قدم" اسکیم کے تحت پہلی بار اسکول میں قدم رکھنے والے بچوں کے قدموں کے نشان بنا کر والدین کو دیے جائیں گے۔
تمام نئے طلبہ کو مفت درسی کتابیں، یونیفارم، جوتے اور موزے فراہم کیے جائیں گے۔
پہلے دن کے دوپہر کے کھانے میں میٹھا شامل کیا جائے گا تاکہ یہ دن بچوں کے لیے یادگار بن سکے۔
اسکولوں میں صبح کے وقت پربھات پھیری، بینر، ہورڈنگ اور ڈھول کے ساتھ گاؤں میں شعور بیدار کرنے کی مہم چلائی جائے گی۔
کوویڈ-19 کے پیش نظر طلبہ کو صحت سے متعلق رہنمائی بھی دی جائے گی۔
عہدیداران اور عوامی نمائندوں کی شرکت:
16 جون کو معزز وزراء، عوامی نمائندے، ضلع اور تعلقہ سطح کے افسران مختلف اسکولوں کا دورہ کریں گے اور طلبہ کا استقبال کریں گے۔ اس سلسلے میں 12 جون 2025 کو تعلقہ سطح پر رابطہ افسران کی میٹنگ رکھی گئی ہے۔
اسکولوں کی تیاری:
اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کو 14 اور 15 جون کو اسکول کی صفائی اور تزئین و آرائش کے احکامات دیے گئے ہیں۔ اسکولوں کو صاف ستھرا اور بچوں کے لیے دلکش بنانے پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔
100 فیصد حاضری اور داخلے کا ہدف:
پہلے دن 100 فیصد طلبہ کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ گاؤں گاؤں جا کر دَنواری، پربھات پھیری اور پرچوں کی تقسیم کے ذریعے شعور اجاگر کیا جائے گا۔ اسکول سے باہر اور مہاجر بچوں کی شناخت کر کے انہیں اسکول میں داخل کروانے کے لیے خصوصی سروے بھی ہوگا۔
انتظامی نظام:
اس مقصد کے لیے اسکول ہیڈ ماسٹروں، نگران عملہ اور اسکول مینجمنٹ کمیٹیوں کی مشترکہ میٹنگیں رکھی گئی ہیں۔ ضلع پریشد کے تحت تمام تعلیمی یونٹس کو تفصیلی ہدایات پہلے ہی جاری کی جا چکی ہیں۔ گروپ ایجوکیشن آفیسروں کو اسکول دوروں کی ہدایت دی گئی ہے۔ طلبہ کے ساتھ بات چیت اور حوصلہ افزائی کے خصوصی پروگرام بھی ترتیب دیے گئے ہیں۔
یہ داخلہ مہوتسو تعلیم کی خوشگوار شروعات، بچوں میں اسکول سے محبت پیدا کرنے اور والدین میں تعلیم کے تئیں شعور اجاگر کرنے کی ایک مؤثر کوشش ہوگی۔ ضلع کی تمام اسکولوں میں یہ پروگرام 16 جون کو جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس بارے میں معلومات پرائمری تعلیمی افسر بالاصاحب راکشے نے فراہم کی ہیں۔