MPCC Urdu News 10 May 24

شرد پوار کو این ڈی اے میں شامل ہونے کی پیشکش نریندر مودی کا اعترافِ شکست ہے: نانا پٹولے

4 جون کے بعد نریندر مودی سیاسی اگنی ویر بن جائیں گے، بی جے پی کو لوک سبھا میں 150 سیٹیں ملنا بھی مشکل

عوام بی جے پی کے ہندو مسلم کارڈ کو ذرا بھی اہمیت نہیں دے رہی ہے، جن پر کبھی تنقیدیں کیں، آج انہیں کو آفر دینے کا مودی پر وقت آگیا ہے

ممبئی: لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے کی پولنگ کے بعد یہ واضح ہو چکا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی 150 سیٹیں بھی نہیں جیت سکتی۔ چونکہ وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی یقین ہے کہ وہ ہار رہے ہیں اس لیے انہوں نے این سی پی کے صدر شرد پوار کو این ڈی اے میں شامل ہونے کی پیشکش کی ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہا ہے کہ یہ نریندر مودی ہی ہیں جو شرد پوار کی این سی پی اور ادھو ٹھاکرے کی شیوسینا کو جعلی قرار دیتے ہیں، ٹھاکرے کے تئیں ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور شرد پوار کو عوامی طور پر پیشکش کر تے ہیں۔ یہ دراصل ان کا اعترافِ شکست ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ بی جے پی نے لوک سبھا انتخابات میں ہر طرح کے کارڈ استعمال کیے لیکن ان میں سے کوئی بھی چلا۔ اب ہندو مسلم کارڈ بھی فیل ہو چکا ہے اس لیے اب نریندر مودی کو ہر روز نیا کارڈ استعمال کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں لیڈر نہیں عوام سب سے بڑے ہوتے ہیں اور عوام اب نریندر مودی کے جملوں اور جھوٹ سے تنگ آچکے ہیں اس لیے مودی اب جو کچھ بھی کہیں گے اس کا زیادہ اثر نہیں ہوگا۔ ناناپٹولے نے کہا کہ جیسا کہ شکست کا خوف واضح ہے، وزیر اعظم نریندر مودی مہاراشٹر میں ہی 29 جلسے کر رہے ہیں، اس سے صاف ظاہر ہے کہ الیکشن مودی کے ہاتھ سے نکل چکا ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ اب مودی پر ایسا وقت آگیا ہے کہ وہ اب ان لوگوں کو پیشکش کر رہے ہیں جن پر وہ کل تک کھلے عام تنقید کیا کرتے تھے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی شرد پوار کو پیشکش کا مطلب ہے کہ راہل گاندھی کے وہ بیان صحیح ہے کہ 4 جون کے بعد انڈیا الائنس کی حکومت مرکز میں برسرِ اقتدار آئے گی۔ شرد پوار کو پیشکش کرکے نریندر مودی نے بھی خود اس کی تصدیق کر دی ہے۔

ناناپٹولے نے کہا کہ شکست کے خوف سے وزیر اعظم نریندر مودی نے اب اپنے دوستوں پر بھی تیر چلانے شروع کر دیئے ہیں۔ مودی حکومت 4 سال کی مدت ملازمت والی اگنی ویر اسکیم لائی ہے۔ اس اسکیم کے تحت 4 سال بعد انہیں سبکدوشی دے دی جاتی ہے لیکن 4 جون کے بعد نریندر مودی سیاسی اگنی ویر اسکیم کا فائدہ اٹھانے والے بن جائیں گے اور انہیں کے ساتھ ایکناتھ شندے و اجیت پوار بھی اگنی ویر ہونے والے ہیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading