MPCC Urdu News 06 September 2024

مہنگائی نے تہوار کے رنگ پھیکا اور بی جے پی حکومت نے عام آدمی کا جینا مشکل کردیا: الکا لامبا

بی جے پی حکومت میں خواتین محفوظ نہیں: ورشا گائیکواڑ

مہیلا کانگریس ریاست کے 288 حلقوں میں مہنگائی کے خلاف ’خرچے پر چرچا‘ مہم چلائے گی

ممبئی: تہواروں کا موسم آچکا ہے اور مہنگائی آسمان چھو رہی ہے۔ اس مہنگائی نے عام لوگوں کے گھریلو اخراجات کے حساب وکتاب کو بگاڑ دیا ہے۔ پٹرول، ڈیزل، گیس، سبزیوں، غذائی اجناس کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کی وجہ سے خواتین کے لیے گھر چلانا مشکل ہو گیا ہے۔ بی جے پی انتخابات سے پہلے مہنگائی کم کرنے کا وعدہ کرکے خواتین کو دھوکہ دیتی ہے۔ مہنگائی کے باعث تہواروں اور تقریبات کے رنگ پھیکے پڑ گئے ہیں۔ مہیلا کانگریس کی قومی صدر الکا لامبا نے مطلع کیا ہے کہ مہیلا کانگریس بی جے پی حکومت کو بیدار کرنے کے لیے ریاست بھر میں ’خرچے پہ چرچا‘ مہم چلانے جا رہی ہے کیونکہ عوام اس مہنگائی سے پریشان ہیں۔

تلک بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الکا لامبا نے بی جے پی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے اقتدار میں آنے پر ہر غریب خاتون کے کھاتے میں ہر سال ایک لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا تھا، مگر مرکز میں کانگریس کی حکومت نہیں آئی۔ تلنگانہ میں کانگریس حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد ہر ماہ خواتین کے بینک کھاتوں میں 2500 روپے، کرناٹک میں 2000 اور ہماچل پردیش میں 1500 روپے جمع کیے جا رہے ہیں۔ کانگریس کی حکومت آتے ہی خواتین کے لیے مہالکشمی یوجنا شروع کی گئی تھی، لیکن مہاراشٹر میں بی جے پی کی مخلوط حکومت نے انتخابات سے پہلے ’لاڈکی بہین‘ یوجنا شروع کی ہے۔ بینکوں نے کئی خواتین کے کھاتوں سے یہ بہانہ بنا کر رقم نکال لی ہے کہ بینک اکاؤنٹ میں بیلنس نہیں ہے۔ ایک شخص نے بیوی کے نام 30 درخواستیں دے کر پیسے ہڑپ لیے۔ اس سکیم کے اشتہارات پر سرکاری خزانے سے کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

الکا لامبا نے کہا کہ مہنگائی کے معاملے پر بی جے پی حکومت کو جگانے کے لیے ہم نے خالی تھالی بجا کر ’خرچے پر چرچا‘ مہم شروع کی ہے۔ الکا لامبا نے کہا کہ یہ مہم 288 حلقوں کے تمام گاؤں تک جائے گی اور آج ممبئی کے ورسوا اور چیمبور اسمبلی حلقوں سے اس کی شروعات کی جائے گی۔

اس موقع پر ممبئی کانگریس کی صدر ایم پی ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ اس وقت مہنگائی اور خواتین کی حفاظت کے مسائل بہت اہم ہیں۔ مہنگائی نے خواتین کے لیے گھر چلانا مشکل کردیا ہے۔ خواتین کی حفاظت کا مسئلہ بھی سنگین ہوگیا ہے۔ بی جے پی حکومت میں خواتین محفوظ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہیلا کانگریس بی جے پی حکومت کے خلاف آواز اٹھائے گی اور ’خرچے پر چرچا‘ مہم کو گھر گھر تک پہنچائے گی۔

اس پریس کانفرنس میں مہیلا کانگریس کی ریاستی صدر سندھیا سوالاکھے، ممبئی مہیلا کانگریس کی صدر انیشا باگل، بھاؤنا جین اور مہیلا کانگریس کی دیگر عہدیداران موجود تھیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading