ایک سوال: کامیابی کسے کہتے ہیں؟ از: ؂شمس الدین سراجی

آج سوسائٹی میں مالداروں کو کامیاب شمار کیا جاتا ہے حالانکہ کامیابی در اصل زندگی میں ٹارگیٹ کو حاصل کرکے اس کے بدستور جد و جہد کرنے کا نام ہے، جو کہ نہ صرف اس کی زندگی میں مثبت رُخ دے بلکہ معاشرے اور قوم میں بھی مثبت تبدیلی پیدا کردے ۔۔!!
کامیابی یوں ہی نہیں مل جاتی، بلکہ کامیابی تو قربانی طلب کرتی ہے، اکثر ایسا دیکھا گیا ہے کہ لوگ اپنی کامیابی کی راہ میں خود ہی رکاوٹ بنے ہوتے ہیں جسکی وجہ سے وہ ذہنی انتشار کا شکار ہو جاتے ہیں اور تباہی ان کا مقدر بن جاتی ہے۔۔۔!!
اگر کامیابی کو حاصل کرنا ہے تو طریقے بدلیے، ارادہ نہیں، اور یہ حقیقت ہے صاحب کہ بادام کھانے سے اتنی عقل نہیں آتی جتنی ٹھوکریں کھانے سے آتی ہیں، کامیاب لوگ ہر ناکامی کو اپنا استاد مان کر اس سے سیکھتے ہیں اور آگے بڑھ جاتے ہیں، ناکامیوں کو اگر کامیابی کی لازم شرط کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا، ہمیشہ یاد رکھیں کہ چھوٹی سی نیکی بڑی نیکی کی توفیق دیتی ہے، اور چھوٹا سا گناہ بڑے گناہوں کا حوصلہ دیتا ہے، لہذا اپنے چھوٹے چھوٹے کاموں کو کبھی غیر اہم نہ سمجھیں ۔۔۔!!

الزام تراشیاں اور بہانہ سازیاں ناکام لوگوں کے رویوں کی عام بیماریاں ہیں جن سے بچنا کامیابی کی پہلی شرط ہے، وہ انسان جسکی زندگی میں کوئی ٹارگیٹ نہ ہو، انکی زندگی اصولوں سے آزاد نہایت سہل ہوتی ہے کیونکہ وہ پانی کی طرح ہر جگہ سے راستہ بنا کر نکل جاتا ہے، لیکن اُس کا مقدّر ہمیشہ نشیب کی پستیاں ہوتی ہیں، اگر رفعت چاہتے ہیں تو اپنی زندگی کو بہترین اصولوں کا پابند بنائیں، اور کچھ "نیا” سیکھنے کا جنون پیدا کریں ۔۔۔!!
کامیابی کی راہ کو ہموار کرنے کے لئے زندگی میں نظام الاوقات کا ہونا بہت ضروری ہے، اور ہر کام کو اسی متعینہ وقت میں کرنے کو لازم پکڑ لیں، وقت کسی کو دکھائی نہیں دیتا مگر دکھا بہت کچھ دیتا ہے ۔۔۔!!

آپ کا تعلق جس شعبہ حیات سے ہے آپ اس کے اعتبار سے کامیابی کی منزلوں کو حاصل کرنے کی کوشش کریں، اور یہ بھی دیکھیں کہ اس شعبہ میں اگر کوئی کامیاب زندگی گزار رہا ہے، تو کیوں؟ ان کے اچھے صفات کو اپنی زندگی میں جگہ دیں کامیابی قدم چومے گی ۔۔!!
اگر جد و جہد کے بعد بھی کامیابی نہیں مل رہی ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ کہیں نہ کہیں خامی ضرور ہے غور و فکر کرکے اس خامی کو دور کریں، طریقے کو بدلیں نہ یہ کہ آپ مایوس ہوکر ارادے کو ہی بدل دیں، مایوس ہونا امت مسلمہ کی شان نہیں ہے، اللہ کی ذات پر بھروسہ کرکے آگے بڑھتے رہیں ۔۔!!

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading