ضلع بیڑ کے ایک گاؤں میں مسجد پر شر پسند وں کا حملہ!جمعیۃ علماء مہاراشٹر کا سخت احتجاج، مجرموں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ

30/مارچ( پر یس ریلیز) کل رات تقریباً 2:15بجے ضلع بیڑ کے آردھہ مسلا گاؤں میں دو شرپسند عناصر نے ایک مسجد کو نشانہ بناتے ہوئے جلیٹین بم کا دھماکہ کیا، جس سے مسجد کو بھاری مالی نقصان پہنچا۔ اللہ کا شکر ہے کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، لیکن یہ واقعہ نہ صرف افسوسناک بلکہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ اس بزدلانہ حرکت کا مقصد علاقے میں خوف و ہراس پھیلانا اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانا ہے، جو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر مولانا حافظ ندیم صدیقی نے اس واقعے پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے دہشت گردی اور ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیا۔ انہوں نے فوراً مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار، ضلع ایس پی اور پالک منتری سے رابطہ قائم کر کے دونوں مجرموں کی فوری گرفتاری اور انہیں سخت ترین سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ مولانا ندیم صدیقی نے کہا کہ یہ حملہ دراصل ہمارے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے اور ماحول کو خراب کرنے کی ایک مذموم کوشش ہے، جسے ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

خوش آئند بات یہ ہے کہ تلواڑہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خا طیوں کو گرفتار کر لیا ہے اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، لیکن جمعیۃ علماء مہاراشٹر یہ واضح کرنا چاہتی ہے کہ محض گرفتاری کافی نہیں، بلکہ ان مجرموں کو عبرتناک سزا ملنی چاہیے تاکہ مستقبل میں کوئی بھی ایسی گھناؤنی حرکت کرنے کی جرات نہ کر سکے۔انہوں نے مزید کہاکہ اس سلسلے میں حکومت کو سخت کارروائی کرنی ہوگی تاکہ فرقہ پرست عناصر کو واضح پیغام مل سکے کہ امن و امان خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔

مولانا ندیم صدیقی نے کہا کہ مساجد پر حملے ایک سنگین جرم ہیں، جنہیں کسی بھی حال میں برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ اگر ان مجرموں کو سخت سزا نہیں دی گئی تو یہ شرپسند عناصر مزید حوصلہ پائیں گے، جو ملک کے امن و بھائی چارے کے لیے خطرناک ہوگا۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان مجرموں کے خلاف تیزی سے مقدمہ چلا کر انہیں ایسی سزا دی جائے جو دوسروں کے لیے سبق بنے۔

رمضان المبارک کا مہینہ جاری ہے اور عید الفطر کی خوشیاں قریب ہیں۔ ایسے میں ہم سب کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور کسی بھی اشتعال انگیزی میں نہ آ کر قانون کے دائرے میں رہ کر اپنی بات رکھنی ہوگی۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی افواہوں پر یقین نہ کریں اور علاقے میں امن و امان کو برقرار رکھیں۔ یہ وقت دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کا ہے، نہ کہ جذبات میں آ کر کوئی ایسا قدم اٹھانے کا جس سے مسائل مزید پیچیدہ ہو جائیں۔
عید کا موقع خوشیوں اور محبتوں کو عام کرنے کا ہوتا ہے۔ اس لیے تمام مسلمانوں سے اپیل ہے کہ وہ امن و سلامتی کے پیغام کو عام کریں، تمام برادرانِ وطن کے ساتھ محبت اور خیرسگالی کے جذبات کو فروغ دیں اور ہر قسم کے فتنہ و فساد سے دور رہیں۔ ہمیں اپنے دشمنوں کو یہ بتانا ہے کہ ہم صبر و استقامت کے ساتھ کھڑے ہیں اور کسی بھی ناپاک سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اللہ تعالیٰ پوری امت کی حفاظت فرمائے اور ہمیں ہر فتنہ و فساد سے بچائے۔ آمین!

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading