19 نومبر کو ایئر انڈیا پر سفر نہ کریں، کینیڈا کے سکھ رہنما کا انتباہ

انڈیا اور کینیڈا کے درمیان ایک بار پھر سفارتی تناؤ پیدا ہو گیا ہے جس کی وجہ ایک معروف علیحدگی پسند رہنما نے سکھوں کو خبر دار کیا ہے کہ جان لیوا نتائج کے خطرے کے سبب وہ ایئر انڈیا کی پروازوں پر رواں ماہ سفر نہ کریں۔

کینیڈا میں مقیم خالصتان رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے ایک ویڈیو جاری کی جس میں انہوں نے کہا کہ 19 نومبر کو انڈیا کی سرکاری ایئر لائن کے ذریعہ سفر کرنے والوں خطرات ہو سکتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں دھمکیاں دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ہم سکھوں سے کہہ رہے ہیں کہ وہ 19 نومبر کو ایئر انڈیا کے ذریعے سفر نہ کریں۔ عالمی بندش ہو گی۔ ایئر انڈیا سے سفر نہ کریں ورنہ آپ کی زندگی خطرے میں پڑ جائے گی۔‘

گرپتونت سنگھ، جن کے متعلق افواہ تھی کہ وہ امریکہ میں ایک کار حادثے میں مارے گئے ہیں، کا کہنا تھا ’یہ انڈین حکومت کے لیے میری وارننگ ہے۔‘

انڈین حکومت کی جانب سے دہشت گرد قرار دیے گئے گرپتونت سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ نئی دہلی کا اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ 19 نومبر کو بند کر دیا جائے گا اور اس کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا۔انڈیا اسی تاریخ کو مردوں کے کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میچ کی میزبانی کرے گا۔

گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ ’یہ وہی دن ہے جب ورلڈ ٹیرر کپ کا فائنل میچ کھیلا جائے گا۔ دنیا کو دکھایا جائے گا کہ انڈیا میں سکھوں کی نسل کشی ہوئی اور ایسا انڈیا نے ہی کیا۔ اکتوبر 1984 میں سابق انڈین وزیر اعظم اندرا گاندھی کو قتل کرنے والے دو علیحدگی پسند رہنماؤں کا حوالہ دیتے ہوئے پنوں نے کہا، ’جب ہم پنجاب کو آزاد کرائیں گے تو ان ہوائی اڈوں کے نام شہید بیانت سنگھ اور شہید ستونت سنگھ ہوں گے۔‘اتوار کو انڈین حکام نے کہا تھا کہ وہ اس خطرے پر کینیڈین حکام کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔

کینیڈا میں انڈیا کے ہائی کمشنر سنجے کمار ورما نے انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کو بتایا ’ہم کینیڈا آنے اور کینیڈا سے جانے والی ایئر انڈیا کی پروازوں کے خلاف خطرے کو متعلقہ کینیڈین حکام کے ساتھ اٹھائیں گے۔‘انہوں نے مزید کہا کہ انڈین حکام نے خالصتان رہنما کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو دیکھی ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading