بھیونڈی ( شارف انصاری ) :- آئندہ ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے تناظر میں جہاں تمام سیاسی پارٹیوں نے اپنی حکمت عملی تیار کرنا شروع کی ہے وہیں متذکرہ لوک سبھا کے عام انتخابات کی تیاری اور اپنی پارٹی کی زمینی حقیقت کو جاننے اور پارٹی کو مضبوط بنانے کے لئے کانگریس پارٹی بلاک سطح پراپنے قومی لیڈروں کو بھیج رہی ہے۔اسی ترتیب میں کانگریس پارٹی بھیونڈی مشرقی بلاک کا ایک اجلاس غیبی نگر میں واقع امجدیہ اسکول میں منعقد کیا گیا جس میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے قومی سکریٹری اور کوکن ڈویزن کے انچارج بی ایم سیندیپ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر اجلاس میں موجود پارٹی کے عہدیداران و کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2019 کا الیکشن صرف ہار جیت کا الیکشن نہیں بلکہ ملک کی جمہوریت اور آئین کو بچانے کا الیکشن ہے۔ ہمیں شہر کے تمام وارڈ میں گھر گھر جا کر بی جے پی کی ناکامی اور کانگریس کے سابقہ دور اقتدارمیں کئے گئے کاموں کو لوگوں کو بتانا پڑے گا۔ بی جے پی کی نفرت کی سیاست سے پورا ملک بہت بری طرح متاثر ہوا ہے۔ جب انتخابات قریب آتے ہیں، تب بی جے پی ہندوؤں کی سیاست شروع کردیتی ہیں۔ بی جے پی کی نفرت کی سیاست سے ملک میں قومی یکجہتی اورباہمی بھائی چارہ ختم ہو رہا ہے۔ قومی سکریٹری سندیپ نے مزید کہا کہ کانگریس پارٹی کے تمام عہدیداران و کارکنان کو ابھی سے کمر کس کر میدان میں اتر جانا ہے اور کانگریس کے امیدوار کی کامیابی کو یقینی بناتے ہوئے راہل گاندھی کو ملک کا وزیر اعظم بنانا ہے۔اس موقع پر کانگریس پارٹی بھیونڈی کے شہر ضلع صدر شعیب گڈو نے کہا کہ بھیونڈی شہر میں بی جے پی شہر کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے شہر کے کاموں میں ریاستی کی بھاجپ حکومت مسلسل روڑا اٹکا رہی ہے۔ آنے والے انتخابات میں یہاں کی عوام اس بات پر ضرور غور کرے گی اور کانگریس کے امیدوار کو اپنے ووٹوں سے کامیاب کرے گی۔. شعیب گڈو نے مزید کہا کہ بھیونڈی شہر میں کانگریس پارٹی متحد اور کافی مضبوط ہے جس کی وجہ سے مخالفین کے حوصلے پست ہیں۔ہمیں پوری امید ہے کہ آنے والے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں یہاں کانگریس کو بھرپور ووٹوں سے جیت حاصل ہوگی اوریہاں کانگریس کا پرچم لہرائے گا۔اس موقع پر بھیونڈی میونسپل کارپوریشن میں کانگریس کے گٹ نیتا حلیم انصاری، کانگریس کے سینئر لیڈر پپو راکا، یوتھ کانگریس کے صدر عرفات خان،بھیونڈی کانگریس اقلیتی شعبہ کے چیئرمین طفیل فاروقی ، کارپوریٹر پرشانت لارڈ، نگرسیوک اشرف منا، سفیان شیخ، کانگریس کے ترجمان اقبال صدیقی، صادق شیخ، حفیظ شیخ، مشتاق سید، فردوس انصاری اور جلیل انصاری موجود تھے۔کانگریس بلاک صدر شفیق بابو نے شکریہ ادا کیا۔