ممبئی: آج بدعنوانی اور مجبوری کا غیرفطری اتحاد ہوا۔ ادھوٹھاکرے کے مطابق افضل خان عرف امیت شاہ اور امیت شاہ کے مطابق چوہا عرف ادھوٹھاکرے نے اتحاد کا اعلان کیا ہے۔ یہ رافیل چور اور اقتدار کے لئے مجبورکا اتحاد ہے۔ یہ تنقید آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ممبر پارلیمنٹ اشوک چاہان نے کی ہے۔ وہ بی جے پی وشیوسینا کے درمیان ہوئے اتحاد پر اپنے ردعمل کا اظہار کررہے تھے۔اشوک چوہان نے کہا کہ چوکیدار کی چوری میں اب اقتدار کے لئے مجبور شیوسینا بھی حصہ دار ہوگئی ہے۔ ماتوشری میں آکر امیت شاہ نے شیر کے منہ میں ہاتھ ڈال کرشیر کے دانتوں کو توڑ دیا اور اقتدار کے لئے مجبور شیرنے آج افضل خان کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے جسے ہم سبھی نے دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے انتخاب کے وقت شیوسینا نے بی جے پی کے بدعنوان وزراءپر ایک کتابچہ شائع کیا تھا۔ آج اسی کتابچے کے کاغذ کے پھول بناکر امیت شاہ کے استقبال کے لئے ماتوشری کے دروازے پر بچھادیئے گئے۔اشوک چوہان نے کہا کہ شیواجی پارک میں شیواجی مہاراج کے مجسمے کے سامنے ہوئے جلسہ عام میں ادھوٹھاکرے نے اعلان کیا تھا کہ شیوسینا اپنی طاقت پر علاحدہ الیکشن لڑے گی ۔ اس کے بعد بھی بارہا یہ اعلان کیا جاتا رہا کہ شیوسینا خود کی طاقت پر لڑے گی اور بی جے پی سے اتحاد نہیں کرے گی۔ ادھو ٹھاکرے نے یہاں تک کہا تھا کہ اتحاد گیا چولہے میں۔ آج ادھوٹھاکرے نے خود کا وقار چولہے میں ڈال دیا اور بی جے پی کے سامنے سجدہ کرلیا۔ یہ تمام شیوسینکوں کی توہین اوران کے ساتھ دھوکہ ہے۔ مجھے دھوکہ دیئے گئے شیوسینکوں سے دلی ہمدردی ہے۔ اقتدار کے لئے ادھوٹھاکرے کا بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرلینے کے باوجود اس بات کو سمجھنے والے شیوسینک کہ مودی کی حکومت کو جڑ سے اکھاڑپھینکنے میں ملک اور ریاست کی بھلائی ہے، کانگریس کے اتحاد کو اپنے ووٹ یں گے، اس کا مجھے یقین ہے۔ ادھوٹھاکرے کا یہ بدلا ہوا موقف دیکھ کر شیوسینکوں کو بھی شرم آگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں بی جے پی وشیوسینا نے مل کر ریاست کو برباد کردیا ہے۔ اس ریاست میں ۷۱ہزار سے زائد کسانوں کی خودکشی کے لئے بی جے پی کے ساتھ شیوسینا بھی ذمہ دار ہے۔ بی جے پی کے دورِ حکومت میں عورتوں پر ہورہے مظالم، بڑھتی بدعنوانی وبیروزگاری بی جے پی وشیوسینا کا پاپ ہے۔ ان کی سوچ یہ ہے کہ ہم دونوں بھائی مہاراشٹر کو لوٹ کر کھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سنت تکارام کے نظریات کو ماننے والی ریاست کی عوام اس ریاست کو برباد کرنے والی بی جے پی وشیوسینا کو آنے والے انتخابات میں بری طرح شکست دے کر انہیں گھر بٹھائے بغیر نہیں رہے گی۔