سوشانت سنگھ راجپوت اگرچہ آج ہمارے درمیان نہیں رہے، لیکن اُن کی مسکراہٹ، اُن کی آنکھیں اور اُن کی شخصیت آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے۔ اُن کی فلمیں اور اُن کا انداز آج بھی لوگوں کو اُن کی یاد دلاتا ہے۔ حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں سوشانت کے ہمشکل کو دیکھ کر مداح دنگ رہ گئے۔ اس شخص کا چہرہ، مسکراہٹ اور ہیئر اسٹائل سوشانت سے اس قدر مشابہت رکھتا ہے کہ لوگ اسے "قدرت کا کرشمہ” قرار دے رہے ہیں۔
سوشانت جیسا دکھنے والا یہ شخص کون ہے؟
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک ویڈیو سامنے آیا ہے جس میں ایک نوجوان دکھائی دے رہا ہے، جس کا چہرہ، انداز اور اسٹائل سوشانت سنگھ راجپوت سے ہو بہو ملتا ہے۔ اس نوجوان کا نام "ایان” ہے، جو سوشل میڈیا پر اپنے ویڈیوز شیئر کرتا رہتا ہے۔ انسٹاگرام پر اس کے 2.5 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں، اور لوگ اسے "سوشانت کی کاربن کاپی” کہہ کر پکار رہے ہیں۔
مداحوں کا جذباتی ردعمل
ایان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جسے ہزاروں لوگ دیکھ اور پسند کر چکے ہیں۔ فینز اس ویڈیو کو دیکھ کر جذباتی ہو رہے ہیں۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا: "سوشانت، پلیز واپس آ جاؤ!” ایک اور صارف نے لکھا: "اس شخص کو سوشانت کی ماں سے ضرور ملنا چاہیے، اُنہیں دوبارہ خدا پر یقین آ جائے گا۔” ایک فین نے کہا: "آج یقین آ گیا کہ دنیا میں اپنے جیسے دکھنے والے بھی ہوتے ہیں، بالکل سوشانت سر کی طرح۔” کچھ لوگوں نے تو ایان کو "سوشانت سر” ہی کہنا شروع کر دیا ہے۔