نئی دہلی: ہندوستان نے ہفتہ کے روز قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکہ اور طالبان کے درمیان ہوئے امن معاہدے اور کابل میں افغانستان اور امریکہ کی حکومتوں کے مشترکہ اعلان کا استقبال کیا۔ اس کے ساتھ ہی کہا کہ ہندوستان کی پالیسی افغانستان میں امن، سلامتی اور استحکام کے سبھی مواقع کی حمایت کرنا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان رويش کمار نے یہاں میڈیا سے کہا ’’ ہندوستان کی پالیسی افغانستان میں امن، سلامتی اور استحکام لانے والے سبھی مواقع کی حمایت کرنا ہے۔ ان مواقع میں افغانستان میں تشدد ختم ہونا، بین الاقوامی دہشت گردی کے ساتھ تعلقات ختم ہونا اور افغانستان کی قیادت، ملکیت اور کنٹرول میں ایک مستقل سیاسی معاہدہ ہونا شامل ہے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ’’افغان حکومت، جمہوری نظام اور سول سوسائٹی سمیت پورے سیاسی نظام نے اس موقع کا خیر مقدم کیا ہے اور ان معاہدوں سے امن و استحکام کی امید کی جاتی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک قریبی پڑوسي ملک کے طور پر افغانستان میں قیام امن اور معاشرے کے سبھی طبقات کے مفادات کی حفاظت کرنے والے جمہوری اور خوشحال مستقبل کے لئے افغان حکومت اور لوگوں کو سبھی طرح کی امداد جاری رکھے گا۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – بشکریہ قومی آواز بیورو