چین میں کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک 80 ہلاکتوں کی خبریں موصول ہو چکی ہیں اور اب دوسرے ممالک میں بھی اس کورونا وائرس سے دہشت کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ جہاں ایک طرف امریکہ میں پانچ افراد کے اس وائرس میں مبتلا ہونے کی خبریں سامنے آئی ہیں وہیں ہندوستان میں بھی دو افراد کو اس کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے خدشہ کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ایک مریض کا تعلق چھپرہ سے ہے جس کی چین سے واپسی ہوئی ہے اور ایک جے پور کا رہنے والا ہے جو چین میں ایم بی بی ایس کی پڑھائی کر رہا تھا اور ہندوستان واپس آیا ہے۔
Ekta Kumari brought to Patna Medical College&Hospital after she showed symptoms similar to #Coronavirus. She says, "Nothing has happened to me, I was released by the airport authorities. My body temperature is around 98 F, I don't have cough. Is this the arrangement in #Bihar?". pic.twitter.com/jREQa0YrM7
— ANI (@ANI) January 27, 2020
پہلے معاملے میں بہار کے سارن ضلع کے چھپرہ سٹی تھانہ علاقے کے ایک محلے کی ایک لڑکی میں جان لیوا کورونا وائرس پائے جانے کے خدشے کے پیش نظر بہتر علاج کے لئے اسے پٹنہ میڈیکل کالج اسپتال بھیجا گیا ہے۔ سارن کے سول سرجن مدھیشور نے آج یہاں بتایا کہ سٹی تھانہ علاقے کی 22 سالہ لڑکی چین میں میڈیکل کی تعلیم حاصل کر رہی ہے اور وہ گزشتہ 22 جنوری کو یہاں آئی تھی۔ لڑکی کی طبیعت خراب ہونے کے بعد اسے دو دن قبل چھپرہ میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ طالبہ چین کے کورونا وائرس کی زد میں ہے۔
جھا نے بتایا کہ طالبہ کو اسپتال میں داخل کرنے کے بعد پوری چوکسی برتی گئی اور ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے اس کی جانچ کی۔ انہوں نے بتایا کہ طالبہ کی طبیعت زیادہ خراب ہونے کے بعد کل شام اسے بہتر علاج کے لئے پٹنہ میڈیکل کالج اسپتال ریفر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ چین کے مختلف صوبے تیزی سے پھیلنے والے مہلک کورونا وائر کی زد میں ہیں جس کے سبب اب تک 80 لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ چین میں اس وائرس کے ابھی تک 2454 معاملے سامنے آئے ہیں جبکہ رپورٹ ہے کہ دنیا میں اس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 2504 ہے۔
دوسری طرف چین میں پھیلے کوروناوائرس کامشتبہ مریض راجستھان میں بھی سامنے آنے کے بعد افرا تفری پیدا ہو گئی۔ مشتبہ مریض کو دارالحکومت جےپور کے سوائی مان سنگھ اسپتال میں داخل کرایاگیا ہے۔اسپتال ذرائع کے مطابق مریض کی دیکھ بھال کرنے کےلئے ڈاکٹروں کی ٹیم بنائی گئی ہے اور برابر اس کی نگرانی کی جارہی ہے۔مریض کے خون کے نمونوں کی جانچ مہاراشٹر کے پنے لیب میں کرائی جائےگی۔مریض جےپور کے سانگانیر علاقے کا رہنے والا بتایا جا رہا ہے جو چین سے ایم بی بی ایس کرکے لوٹا ہے۔
طب اور صحت محکمے نے کورونا وائرس کے سلسلے میں الرٹ بھی جاری کیا ہے۔محکمے نے جے پور،باڑمیر،ہنومان گڑھ اور سیکر ضلع کے چیف میڈیکل افسر کو الرٹ بھی بھیجا ہے۔نئی دہلی میں واقع نیشنل سینٹر فور ڈسیز کنٹرول نے ریاست کے طب اور صحت محکمے کو ریاست میں چین سےا ٓئے 18مسافروں کی فہرست بھی بھیجی ہے۔ اس کے بعد طب اور صحت کے وزیر ڈاکٹر رگھو شرما نے اتوار کو ایس ایم ایس میڈیکل کالج انتطامیہ کو چین سے ایم بی بی ایس کی پڑھائی کرکے آئے ڈاکٹر کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کا خدشہ ہونے پر مشتبہ مریض کو فوراً آئیسولیشن میں رکھنے اور ان کے پورے کنبے کی طبی جانچ کرانے کی ہدایت دی ہے۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – بشکریہ قومی آواز بیورو