
پونے میں گیلین بیری سنڈروم (Guillain Barre Syndrome) کی بیماری کے 8 نئے مریضوں کا کل (پیر، 10) کو اندراج ہوا ہے۔ اس طرح ریاست میں مریضوں کی مجموعی تعداد 192 تک پہنچ گئی ہے۔ جی بی ایس کی وجہ سے ایک مریض کی موت ہو جانے کے بعد موت کی تعداد 7 تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں سے 6 اموات پونے ضلع کی ہیں اور 1 موت سولاپور ضلع کی ہے۔ جی بی ایس سے صحت یاب ہوئے 91 مریضوں کو ڈسچارج دے دیا گیا ہے۔
محکمہ صحت عامہ کی رپورٹ کے مطابق، 192 مریضوں میں سے 91 مریض میونسپلٹی میں نئے شامل کیے گئے دیہاتوں کے ہیں۔ اسی طرح، 39 مریض پونے میونسپل کارپوریشن، 29 مریض پمپری-چنچواڑ میونسپل کارپوریشن، 25 مریض پونے دیہی علاقوں کے ہیں اور 8 مریض دیگر اضلاع کے ہیں۔ اس وقت 48 مریض آئی سی یو میں زیر علاج ہیں، جبکہ 21 مریض وینٹیلیٹر پر ہیں۔
پونے میونسپل کارپوریشن اور ضلع کے متاثرہ علاقوں میں سروے جاری رکھنے کی ہدایت محکمہ صحت کی جانب سے دی گئی ہیں۔ بیبوی واڑی میں رہنے والے ایک 37 سالہ شخص کی موت ہو گئی ہے۔ مریض گاڑی کا ڈرائیور تھا، 31 جنوری سے اس مریض کو سانس لینے میں تکلیف ہو رہی تھی۔ سانگلی میں علاج کے بعد صحت یاب ہونے والے مریض کو دوبارہ تکلیف شروع ہونے کی وجہ سے دوبارہ پونے کے کملہ نہرو ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ علاج کے دوران مریض کی موت ہو گئی۔