ممبئی:بامبے ہائی کورٹ نے جمعہ کو مہاراشٹر حکومت کو کڑی پھٹکار لگائی۔ وجہ یہ تھی کہ حکومت نے بچوں کی حفاظت سے متعلق اپنے ہی جاری کردہ رہنما خطوط کو صحیح طریقے سے نافذ نہیں کیا۔ مئی 2025 میں جاری گائیڈ لائنز کا مقصد اسکولوں کو سیف زون بنانا تھا، لیکن حکومت کی کارروائی سے عدالت بالکل بھی مطمئن نہیں ہوئی۔ ہائی کورٹ نے حکومت کے لیے سخت ہدایات جاری کی ہیں۔
ہائی کورٹ کی سختی کے بعد بنائے گئے تھے قواعد
دراصل، گزشتہ سال بدلاپورکے ایک اسکول میں دو نابالغ بچیوں کے ساتھ جنسی استحصال کی واردات کے بعد یہ مسئلہ اٹھا تھا۔ ہائی کورٹ نے مئی میں اس معاملے پر از خود نوٹس لیا۔ اس کے بعد ریاست کے اسکول ایجوکیشن اور اسپورٹس ڈپارٹمنٹ نے ایک جی آر (سرکاری حکم نامہ) جاری کیا، جس میں تمام اسکولوں کو سخت حفاظتی انتظامات کرنے کے ہدایات دی گئی تھیں۔