کوسہ کا حکیم اجمل خان اسپتال بدنظمی کا شکار!
شمیم خان نے تھانے میونسپل کمشنر سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا

تھانے، 2 جولائی (آفتاب شیخ):
تھانے میونسپل کارپوریشن کے تحت کوسہ میں واقع مجاہد آزادی حکیم اجمل خان اسپتال بدانتظامی اور بنیادی طبی سہولیات کی شدید قلت کا شکار ہے، جس کی وجہ سے مریضوں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہو چکا ہے۔ یہ سنگین الزام راشٹروادی کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار گروپ) کے لیڈر اور کلوا-ممبرا کے صدر شمیم خان نے لگایا ہے۔
ڈاکٹر جتیندر اوہاد کی ہدایت پر شمیم خان نے تھانے میونسپل کمشنر سورو راؤ سے ملاقات کر کے اسپتال میں جاری بدنظمی اور سنگین خامیوں سے انہیں آگاہ کیا اور فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ خان نے نشاندہی کی کہ روزانہ حادثات کے متاثرین کو اس اسپتال لایا جاتا ہے، لیکن پولیس چوکی نہ ہونے کی وجہ سے انہیں داخل کرنے سے انکار کر دیا جاتا ہے۔
شمیم خان کے مطابق اسپتال میں میڈیکل آفیسرز کی مسلسل غیر حاضری، ضروری ادویات کی قلت، ماہر ڈاکٹروں اور ماہر اطفال کی غیر حاضری کے باعث مریضوں کی حالت مزید خراب ہو رہی ہے۔ ریزیڈنٹ ڈاکٹرز کو سنگین نوعیت کے مریضوں کا علاج کرنا پڑ رہا ہے، جس سے پیچیدگیوں کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپتال کی موجودہ انتظامیہ کی غفلت قابل مذمت ہے اور یہ حالت اس عظیم مجاہد آزادی کے نام پر ایک بدنما داغ ہے۔ شمیم خان نے مطالبہ کیا کہ میونسپل انتظامیہ فوری طور پر غیر ذمہ دار عملے کے خلاف سخت کارروائی کرے تاکہ عوام کو معیاری علاج کی سہولت دستیاب ہو سکے۔