ناندیڑ کے قلعہ ،عرب گلی ،دربار مسجد ،جامع مسجد آئینہ محل ٹیکڑی علاقوں میں صفائی کا مسئلہ سنگین، شہریوں میں غصہ اور مایوسی

ناندیڑ (ورق تازہ نیوز)ناندیڑ شہر کے قدیم اور تاریخی علاقے قلعہ روڈ، عرب گلی، دربار مسجد، آئینہ محل ٹیکڑی اور جامع مسجد کے اطراف صفائی ستھرائی کی صورتِ حال نہایت تشویشناک ہو گئی ہے۔ سڑکوں پر کچرا، گندہ پانی اور بدبو نے مقامی رہائشیوں کا جینا محال کر دیا ہے، مگر میونسپل کارپوریشن اور مقامی بلدیاتی نمائندے اس سنگین مسئلے پر کوئی توجہ نہیں دے رہے۔

مقامی لوگوں نے بتایا کہ سڑکوں پر ہر جگہ کچرے کے ڈھیر پڑے ہیں۔ بارش کا پانی ٹھہر کر کیچڑ اور بدبو پھیلا رہا ہے۔ جگہ جگہ نالیاں بند ہیں، گندہ پانی سڑکوں پر بہتا ہے، جس کی وجہ سے آمدورفت میں بھی دشواری ہو رہی ہے۔ گلیوں اور سڑکوں پر پلاسٹک، سڑے ہوئے پھل سبزیاں اور دیگر کچرا جمع ہو کر بیماریوں کو دعوت دے رہا ہے۔اسکولوںکے معصوم بچے اسی سڑک سے گزرتے ہیں جس سے انکی صحت متاثر ہورہی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ میونسپل حکام کو بار بار شکایت کرنے کے باوجود کوئی مستقل حل نہیں نکالا گیا۔ صفائی کرنے والے عملے کی عدم موجودگی اور کچرا گاڑیوں کے غیر منظم دوروں کے باعث کچرا دن بہ دن جمع ہوتا جا رہا ہے۔

یہ پر بڑے پیمانے پر کپڑوں کی دوکانیں ہی۔گندگی سے مقامی تاجر اور دکاندار بھی سخت پریشان ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر جمع کچرے کی وجہ سے گاہک آنے سے کتراتے ہیں اور کاروبار متاثر ہو رہا ہے۔ خواتین اور بزرگ افراد کا کہنا ہے کہ بدبو اور گندگی کی وجہ سے بیماریاں پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے، خاص طور پر بارش کے موسم میں ڈینگی، ملیریا اور دیگر وبائی امراض کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

اہلِ علاقہ کا الزام ہے کہ چونکہ یہ علاقہ زیادہ تر مسلم آبادی پر مشتمل ہے، اس لیے یہاں کے مسائل کو نظرانداز کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب بلدیاتی نمائندے بھی جان بوجھ کر اس علاقے کا دورہ نہیں کرتے اور یہاں کے مسائل پر کوئی سنجیدگی نہیں دکھاتے۔

علاقے کے بزرگوں نے بتایا کہ یہ قلعہ ناندیڑ شہر کی تاریخی وراثت ہے، جس کے اطراف کی گندگی اس کی اہمیت اور خوبصورتی کو ماند کر رہی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب یہ علاقہ شہر کی تاریخ اور ثقافت کی علامت ہے تو اس کی صفائی اور خوبصورتی کو برقرار رکھنا حکومت اور کارپوریشن کی ذمہ داری کیوں نہیں سمجھی جاتی؟

علاقے کے سماجی کارکنوں نے میونسپل کارپوریشن سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر خصوصی صفائی مہم چلائی جائے، کچرا اُٹھانے کے لیے باقاعدہ شیڈول بنایا جائے، نالیوں کی صفائی اور مرمت کی جائے اور سڑکوں کی حالت کو بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے حکام کو خبردار کیا کہ اگر اس جانب فوری قدم نہ اٹھایا گیا تو شہر میں غصہ بڑھے گا اور احتجاجی تحریک شروع کی جا سکتی ہے۔شہریوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ میونسپل کمشنر اور دیگر اعلیٰ افسران خود موقع پر آ کر جائزہ لیں اور اس تاریخی علاقے کی شان اور رہائشیوں کی صحت کی حفاظت کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading