“کاکروچ جنتا پارٹی” کا انسٹا گرام اکاؤنٹ ہیک کرلیا گیا ،پارٹی کے ڈیجیٹل وجود پر سوالیہ نشان

ممبئی: سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہونے والی “کاکروچ جنتا پارٹی” (سی جے پی) کے بانی ابھجیت دیپکے کو ہیکرز نے ایک اور بڑا جھٹکا دیا ہے۔ ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ کے بعد اب ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی ہیک کر لیا گیا ہے، جس کے بعد پارٹی کے ڈیجیٹل وجود پر سوالیہ نشان کھڑا ہو گیا ہے۔

ابھجیت دیپکے نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک ہونے کا اسکرین شاٹ شیئر کیا اور میٹا کو ٹیگ کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں اپنے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل نہیں ہو پا رہی۔ انہوں نے کہا کہ اکاؤنٹ ریکور کرنے کی کوشش جاری ہے، مگر اب تک کامیابی نہیں ملی۔ تاہم میٹا کی جانب سے اس معاملے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

دیپکے نے ایک اور پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ “کاکروچ جنتا پارٹی” کا بیک اپ انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی بند کر دیا گیا ہے۔ پارٹی کے آفیشل اکاؤنٹ پر 21 ملین سے زائد فالوورز موجود تھے۔ یاد رہے کہ جمعرات کو پارٹی کا ایکس اکاؤنٹ بھارت میں معطل کر دیا گیا تھا، جس کے کچھ ہی دیر بعد “Cockroach Is Back” کے نام سے نیا ہینڈل بنایا گیا۔

ابھجیت دیپکے نے نیٹ (NEET) پرچہ لیک معاملے پر حکومت کے خلاف آواز بلند کی تھی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک کیے جانے کا خدشہ پہلے ہی تھا، لیکن حکومت کا منصوبہ الٹا پڑ گیا۔ دیپکے نے کہا کہ وہ قانونی کارروائی بھی کریں گے۔

“Cockroach Is Back” نامی نئے ایکس ہینڈل کو چند گھنٹوں میں ہی 39 ہزار سے زائد فالوورز مل گئے۔ اسی پلیٹ فارم سے دوبارہ مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کا مطالبہ بھی دہرایا گیا۔

ذرائع کے مطابق “کاکروچ جنتا پارٹی” کے نام سے تین مختلف ٹریڈ مارک درخواستیں بھی داخل کی گئی ہیں۔ سوشل میڈیا پر سخت ردعمل، ہیکنگ حملوں اور قانونی کارروائیوں کے درمیان اس نئی جماعت نے انتہائی کم وقت میں کروڑوں فالوورز حاصل کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق کانگریس اور بی جے پی جیسی بڑی جماعتوں کو ڈیجیٹل شناخت بنانے میں برسوں لگے، جبکہ اس نئی جماعت نے چند دنوں میں ہی غیرمعمولی مقبولیت حاصل کر لی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading