ممبئی :19فروری(ورق تازہ نیوز)مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے تحت قائم سیاسی امور کمیٹی کا اہم اجلاس 18 فروری 2026 کو تلک بھون، دادَر، ممبئی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ریاستی انچارج اور سینئر قائدین شریک ہوئے، جن میں ریاستی صدر رَمیش چینی تھلا اور پرانت صدر ہرش وردھن سپکال سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداران موجود تھے۔
اجلاس میں حالیہ میونسپل کارپوریشن انتخابات کے تناظر میں اہم فیصلہ کیا گیا۔ کمیٹی نے طے کیا کہ جن امیدواروں کو کانگریس پارٹی کی جانب سے ٹکٹ دیا گیا تھا لیکن وہ انتخابات میں شکست سے دوچار ہوئے، انہیں میونسپل کارپوریشن میں کوآپٹ (معاون ) کارپوریٹر کے طور پر منتخب نہیں کیا جائے گا۔یہ فیصلہ پارٹی کی سیاسی حکمت عملی کے تحت کیا گیا ہے اور متعلقہ عہدیداران کو اس سے باخبر کر دیا گیا ہے۔
یہ مکتوب سینئر نائب صدر ایڈوکیٹ گنیش پاٹل کی جانب سے جاری کیا گیا ہے اور ناندیڑ شہر ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر عبدالستار عبدالغفور کے نام ارسا ل کیا گیا ہے۔ اس فیصلہ سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ کانگریس پارٹی کے وہ خواہشمند امیدوار جو گزشتہ بلدیہ انتخابات میں شکست کھاچکے ہیں وہ کوآپٹ ممبر نامزد نہیں ہوسکتے ہیں۔
