چیمپیئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد پر چھائے شکوک و شبہات کے بادل آئی سی سی کے اس اعلان کے بعد چھٹ گئے ہیں کہ فروری – مارچ 2025 میں کھیلی جانے والی چیمپیئنز ٹرافی پاکستان کے ساتھ ساتھ ایک نیوٹرل مقام پر کھیلی جائے گی۔

2025 کی چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کے پاس تھی لیکن انڈین کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کے بعد اس کے شیڈول کا اعلان تاحال نہیں ہو سکا ہے تاہم آئی سی سی کا کہنا ہے کہ اب جلد ہی شیڈول جاری کر دیا جائے گا۔
پاکستان چیمپیئنز ٹرافی کا دفاعی چیمپیئن ہے۔ یہ مقابلے آخری مرتبہ 2017 میں برطانیہ میں منعقد ہوئے تھے اور پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں یہ ٹورنامنٹ جیتا تھا۔
جمعرات کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان اور انڈیا اب 2027 تک ان دونوں ممالک میں ہونے والے کسی بھی آئی سی سی ٹورنامنٹ میں اپنے میچ نیوٹرل وینیو پر ہی کھیلیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی اس معاملے پر واضح طور پر کہہ چکے تھے کہ ’یہ نہیں ہو سکتا کہ ہم انڈیا جا کر کرکٹ کھیلیں اور انڈیا یہاں نہ آئے۔ جو بھی ہو گا برابری کی سطح پر ہو گا، ہماری کوشش ہوگی کہ ہم اس (صورتحال) سے ہر صورت میں جیت کر نکلیں۔ پاکستان کی عوام مایوس نہیں ہو گی۔‘
انھوں نے کہا تھا کہ ’ساری صورتحال دیکھ کر پاکستان کے لیے جو بہترین ہو گا وہی کریں گے۔ کوئی ایسی چیز نہیں کریں گے جیسے پیسوں کے لیے بک جائیں، ایسا نہیں ہو گا۔‘
خیال رہے کہ انڈیا نے آخری مرتبہ پاکستان میں کھیلے جانے والے سنہ 2008 کے ایشیا کپ میں شرکت کی تھی جبکہ اس نے پاکستان میں سنہ 2006 میں آخری مرتبہ سیریز کھیلی تھی جس کے بعد سے پاکستان نے سنہ 2008 اور 2013 میں انڈیا کے دورے تو کیے لیکن انڈیا نے پاکستان میں کھیلنے سے انکار ہی کیا۔