نسیم خان کی میونسپل کمشنر سے ملاقات،۴۵دن کے اندر کام شروع کرنے کا حکم
ممبئی: کرلا اندھیری روڈ کی توسیع اور چاندیولی حلقہء اسمبلی کے لوگوں کے دیگر مسائل کے حل کے لئے آج حلقے کے ممبر اسمبلی اور سابق کابینی وزیر محمد عارف نسیم خان نے میونسپل کمشنر اجئے مہتا سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر کے ساتھ ڈپٹی میونسپل کمشنر پوار، ڈپٹی میونسپل کمشنر مراٹھے، چیف انجینئر روڈ و بی ایم سی کے دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ محمد عارف نسیم خان نے اس موقع چاندیولی حلقہ اسمبلی میں پانی کی قلت، صفائی، ڈرینج ودیگر مسائل کے حل کے مطالبے کے ساتھ کرلا اندھیری روڈ کی بیل بازار سے لے کر ساکی ناکہ تک توسیع کا معاملہ نہایت شدت سے اٹھایا ، جس پر میونسپل کمشنر نے متعلقہ محکموں وافسران کو ۴۵دن کے اندر کام شروع کرنےکی ہدایت دی ہے۔ اطلاع کے مطابق اس موقع پر محمد عارف نسیم خان نے میونسپل کمشنر اجئے مہتا سے شکایت بھی کی کہ گزشتہ ایک سال سے اس معاملے میں فالو اپ کئے جانے کے باوجود ابھی تک روڈ کی توسیع کا کام شروع نہیں کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے علاقے کے لوگ اور اس روڈ کا استعمال کرنے والے مسلسل ٹرافک جام کی صعوبت کو جھیل رہے ہیں۔ نسیم خان نے اس معاملے میں ایل وارڈ کوبھی موردِالزام ٹھہرایا کہ کارپوریشن کی جانب سے اس توسیع کی منظوری کے باوجود ایل وارڈ کام شروع نہیں کررہا ہے اور جب اسے اس تعلق سے دریافت کیا جاتا ہے تو وہ گول مول جواب دے کر اسے التوا میں ڈال دیتا ہے۔ نسیم خان کے اس مطالبے اور شکایت کے بعد میونسپل کمشنر نے ایل وارڈ اور دیگر متعلقہ افسران کو روڈ کی توسیع کے ساتھ دیگر مسائل کے حل کے لئے ۴۵ دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے فوری طور پر کام شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔
واضح رہے کہ چاندیولی حلقہ اسمبلی سے گزرنے والا اندھیری کرلا روڈ جو بیل بازار سے لے کر ساکی ناکہ تک جاتا ہے انتہائی تنگ روڈ ہے ، اور دونوں جانب سے پارکنگ کی وجہ سے یہ روڈ مزید تنگ ہوجاتا ہے۔ نسیم خان گزشتہ کئی سالوں سے اس کی توسیع کے لئے کوششیں کررہے ہیں لیکن توسیع کی منظوری کے باوجود ایل وارڈ جس پر اس کے توسیع کی ذمہ داری ہے ٹال مٹول کا رویہ اپنا رہا ہے۔ ایل وارڈ کے اس رویے سے ناراض نسیم خان نے اس کی شکایت میونسپل کمشنر سے کرتے ہوئے اس کی فوری توسیع کا مطالبہ کیا ہے، جس کمشنر کی ۴۵ دن کے اندر کام شروع کرنے کا حکم دینے کے بعد امید کی جارہی ہے کہ اب یہ کام جلد ازجلد شروع ہوجائے گا۔ نسیم خان کے مطابق اس کام کے لئے ہم گزشتہ ایک سال سے فالو اپ کررہے ہیں۔ لیکن روڈ کی تنگی اور اطراف کے لوگوں کی بازآبادکاری کا بہانہ بناکر اسے موخر کیا جاتا رہا ہے۔ اب جبکہ بارش ختم ہوچکی ہے ، تو ضروری ہے کہ کام جلد ازجلد شروع کیا جائے تاکہ آئندہ بارش سے قبل تک تمام کام مکمل ہوجائے۔ ہم نے اس معاملے میں میونسپل کمشنر سے ملاقات کی جس کا اچھا نتیجہ برآمد ہوتا ہوا معلوم ہورہا ہے۔ نسیم خان کے مطابق کمشنر سے اپنے ماتحت ومتعلقہ افسران کو نہایت سخت ہدایت دی ہے کہ یہ کام ۴۵دن کے اندر شروع کردیا جائے۔