
ناندیڑ :14۔نومبر۔(ورقِ تازہ نیوز) شہر ناندیڑ کے قدیم علاقے میں پچھلے کئی ماہ سے مچھروں کی افزائش میں اضافے کے باعث شہریان کی رات کی نیندو آرام حرام ہوگیا ہے۔اس کے علاوہ ڈینگوکے خطرناک مچھر وں کا بھی خطرہ بڑھ گیا ہے ۔جس کی وجہہ سے عوام خوفزدہ ہے ۔حالیہ دنوں ڈینگو کے مچھر کاٹنے سے ایک بچہ کی موت بھی ہوئی ہے ۔ اور کئی بچے اسپتال میں زیر علاج ہیں جو کہ زندگی اور موت کی کشمکش سے دوچار ہے۔ایسے حالات کے بعد باوجود میونسپل کارپوریشن وضلع انتظامیہ کی جانب سے مچھروں کی افزائش کی روک تھام کیلئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے جارہے تھے ۔ انتظامیہ کی اس بے حسی کے خلاف پاپو لر فرنٹ آف انڈیا کے ایک وفد نے ناندیڑ مجلس بلدیہ عظمٰی کے کمشنر سے ملاقات کی اور اس طرف توجہ دلائی، اسی کے ساتھ ساتھ ضلع ناندیڑ کے کلکٹر سے بھی نمائندگی کی۔
اس توجہ دہانی کے بعد بلدیہ عظمٰی نے اپنے ملازمین کو جراثیم کش دوا کے چھڑکاؤ کیلئے متعلقہ علاقوں میں روانہ کیااوردوا کاچھڑکاؤ کیاگیا۔اس موقع پر تنظیم کے ریاستی جنرل سکریٹری مہاراشٹر جناب معراج انصاری نے کہا کہ یہ شروعات ہے اور انشااللہ یہ کام مچھروں کے خاتمے تک چلتا رہے گا۔ انھوں نے بلدیہ انتظامیہ سے اپیل کی کہ اس کے لیے بڑی فوگنگ مشینوں کا استعمال کیا جائے اور شہر کے ہر علاقے میں اس کے ذریعے مچھروں کے خاتمے کا انتظام کیا جائے۔اس موقع پر ضلع صدر احمر ندیم، ضلع سکریٹری اسحاق انصاری، کے علاوہ عامر خان، عبدالندیم ، محمد شفیق، محمد ساجد، فیروز قریشی، مولانا محمد اسلم خان، اور دوسرے اراکینِ تنظیم موجود تھے۔