پونے ضلع کے پمری-چنچوڑ پولیس کے انسداد منشیات دستے نے ایک بڑی کارروائی کے دوران گانجے کی اسمگلنگ میں ملوث ہائی پروفائل ریکٹ کو بے نقاب کر دیا ہے۔ اس ریکٹ کی سرغنہ کلانی دیشپانڈے ہے، جو اس سے قبل پونے میں ہائی پروفائل جسم فروشی کے کیس میں سزا کاٹ چکی ہے۔
کلانی دیشپانڈے حال ہی میں جیل سے رہا ہوئی تھی اور رہائی کے بعد اس نے گانجے کی اسمگلنگ کا دھندہ شروع کر دیا تھا۔ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پاشان-سوس روڈ پر واقع "کلانی کلیکشن” نامی دکان پر چھاپہ مارا اور اس غیر قانونی دھندے کا پردہ فاش کیا۔
کارروائی کے دوران پولیس نے کلانی دیشپانڈے کے شوہر اُمیش سوریہ کانت دیشپانڈے، چچازاد داماد ابھیشیک وکاس رانواڑے اور بھتیجی ایشوریا ابھیشیک رانواڑے عرف ایشوریا نلیش دیشپانڈے کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے 20 کلو 736 گرام گانجا برآمد کیا ہے، جس کی کل مالیت 11 لاکھ 27 ہزار 700 روپے بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق کلانی دیشپانڈے کا مجرمانہ ریکارڈ کافی پرانا ہے۔ وہ 1990 کی دہائی سے جسم فروشی کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث رہی ہے اور ریاست کے امیر اور اعلیٰ طبقے کے افراد کو لڑکیاں فراہم کرنے کا کام کرتی تھی۔ 2016 میں کلانی کے مختلف ٹھکانوں پر چھاپے مار کر پونے میں چل رہے ہائی پروفائل سیکس ریکٹ کا انکشاف ہوا تھا۔
پونے پولیس کے انسداد منشیات دستے نے اس کارروائی کو بڑی کامیابی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس غیر قانونی نیٹ ورک کے دیگر ممکنہ روابط کی بھی تفتیش جاری ہے۔