بنگلورو 11 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مائننگ سرغنہ و سابق وزیر کرناٹک گالی جناردھن ریڈی کو آج سنٹرل کرائم برانچ نے 600 کروڑ روپئے کی دھوکہ دہی کے کیس میں گرفتار کرلیا ہے ۔ اڈیشنل کمشنر سنٹرل کرائم برانچ آلوک کمار نے کہا کہ ہم نے گالی جناردھن ریڈی کو ٹھوس ثبوتوں اور گواہوں کے بیانات کی بنیاد پر گرفتار کرلیا ہے ۔ ہم انہیں مجسٹریٹ کے روبرو پیش کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان سے رقومات واپس لیتے ہوئے سرمایہ کاروں کو واپس کرینگے ۔ تحقیقاتی ایجنسی نے کہا کہ اس نے جناردھن ریڈی کے معاون محفوظ علی خان کو بھی حراست میں لیا ہے ۔ جناردھن ریڈی کو منی لانڈرنگ ‘ شواہد کو مٹانے کی کوشش اور غیر قانونی رقمی معاملتوں میں ملزم کی مدد کرنے میں مشتبہ رول کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا ہے ۔ قبل ازیں تحقیقاتی ایجنسی نے کہا تھا کہ وہ ریڈی کے خلاف ثبوتوں کو دستاویزی شکل دینے میں مصروف ہے اور چند گھنٹوں میں اسے گرفتار کرلیا جائیگا ۔ اس کے دو گھنٹوں کے اندر ہی جناردھن ریڈی کی گرفتاری عمل میں آئی ۔ گرفتار شدگان کو عدالت میں پیش کیا جائیگا ۔جناردھن ریڈی اس کیس میں کچھ دن سے مفرور بتائے گئے تھے ۔