پربھنی: 20 مئی(ورق تازہ نیوز) پربھنی کے معروف صحافی ووقار اردو عالی جناب محمد عبدالسمیع صاحب نے آج 21مئی کو شب داعی اجل کو لبیک کہا۔ وہ چند مہینوں سے بہت علیل تھے اور بستر مرگ پر تھے۔ وہ خودکو عمر بھر اردو کا ادنیٰ خادم کہلانا پسند کرتے تھے. اسی قلندرانہ مزاج میں انھوں نے اپنی تمام زندگی گزاری۔اردو زبان کی فصاحت و بلاغت کے وہ امین تھے۔ اپنی صحافتی بوقلمونیوں سے انھوں نے سیاسی، ادبی اور شخصی موضوعات کو زندہ جاوید کردیا۔ پھر چاہے وہ اردو کی نئی بستی ہو یا شناسا زمین ہر اردو والا تحریر کے اسلوب سے محرر نام نامی یک لخت بتلا دیتا کہ یہ محمد عبدالسمیع صاحب کے قلم کا ثمر ہے۔ آج اردو دنیائے ادب وصحافت نے اپنے سچے عاشق کو کھویا، اس قلندر کو کھویا جسے پورا ہندوستان محمد عبدالسمیع کے نام سے پکارتا تھا ۔آج اس قلم کے سپاہی کو مرحوم لکھتے ہر قلم ضرور بدکے گا کیونکہ قلم خود اس قلندر کی صلاحیت کا معترف تھا. انا للہ وانا الا راجعون۔