مانوت: (ورق تازہ نیوز)ضلع پربھنی کے مانوت تعلقہ کے اُکّل گاؤں میں منگل 4 اگست کی صبح تقریباً 7:30 بجے گیس سلنڈر تبدیل کرتے وقت گیس لیک ہونے سے اچانک بھیانک آگ بھڑک اٹھی۔ اس حادثے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد جھلس گئے جبکہ گھر کا قیمتی سامان بھی بڑے پیمانے پر جل کر تباہ ہوگیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق اُکّل گاؤں کے کسان پربھاکر کھنڈی راؤ اُکّلکر کے گھر میں گیس سلنڈر ختم ہونے کے بعد نیا سلنڈر لگایا جا رہا تھا۔ اسی دوران سلنڈر سے گیس کا اخراج شروع ہوگیا۔ صحن میں چولہا جل رہا تھا، جس کی وجہ سے لیک ہونے والی گیس نے اچانک آگ پکڑ لی اور دیکھتے ہی دیکھتے شعلے بھڑک اٹھے۔
حادثے میں اننتا پربھاکر اُکّلکر (38 سال)، انگد اُدھو راؤ اُکّلکر (33 سال) اور متروندہ اننتا اُکّلکر (30 سال) 15 سے 30 فیصد تک جھلس گئے۔ انہیں علاج کے لیے مانوت کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ جبکہ پربھاکر کھنڈی راؤ اُکّلکر بھی معمولی طور پر زخمی ہوئے ہیں۔
اطلاع ملتے ہی میونسپل کونسل کے فائر بریگیڈ اہلکار رام دہے، مکیش کماوت، سید کلیم ستار اور سندیپ جادھو موقع پر پہنچے اور آگ پر قابو پالیا۔ اس حادثے میں گھر کا کافی سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔ پولیس اور متعلقہ حکام نے واقعے کی مزید جانچ شروع کردی ہے۔