ایک مداح کو وراٹ کوہلی کا جواب سے نیا تنازعہ
ممبئی: 7نومبر ۔( ایجنسیز)ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے اپنے لئے ایک نئی مصیبت کھڑی کرلی ہے۔ حال ہی میں انہوں نے اپنا ایک ایپ لانچ کیا ہے ، جس میں ایک کمنٹ میں انہوں نے کہا کہ جن ہندوستانیوں کو دوسرے ملک کے کھلاڑی پسند ہیں ، انہیں ملک چھوڑ دینا چاہئے۔کوہلی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری ٹی 20 سیریز سے آرام دیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنی برتھ ڈے کے موقع پر پانچ نومبر کو اپنا ایک ایپ لانچ کیا ہے۔ اس میں ایک ویڈیو کے ذریعہ کوہلی ٹرولس کا جواب دے رہے ہیں۔یک مداح نے انسٹا گرام پر کوہلی کے بارے میں لکھا ?”اوور ریٹیڈ بلے باز ہیں ، مجھے ان کی بلے بازی میں کچھ خاص نظر نہیں آتا ، میں ہندوستانیوں سے زیادہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے بلے بازوں کودیکھنا انجوائے کرتا ہوں "۔کوہلی نے اس تبصرہ کے جواب میں کہا "اچھا ، ایسے میں مجھے نہیں لگتا کہ آپ کو ہندوستان میں رہنا چاہئے ، آپ کو جاکر کہیں اور رہنا چاہئے۔ آپ ہمارے ملک میں رہ کر دوسرے ممالک کو پیار کیوں کررہے ہیں ؟ مجھے اس سے پریشانی نہیں ہے کہ آپ مجھے ناپسند کرتے ہیں ، لیکن مجھے نہیں لگتا کہ آپ کو ہمارے ملک میں رہتے ہوئے دوسری چیزیں پسند کرنی چاہئے۔ اپنی ترجیحات طے کریں "۔ وراٹ کوہلی کے اس تبصرہ پر کئی کرکٹ شائقین نے ان کی حمایت نہیں کی۔