تھانے (آفتاب شیخ)وزیر اعظم انٹرن شپ اسکیم کے دوسرے مرحلے کے لیے درخواست دینے کا عمل دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت 21 سے 24 سال کی عمر کے بےروزگار نوجوانوں کو مختلف کمپنیوں میں 12 ماہ کی انٹرن شپ فراہم کی جائے گی، جس کے دوران انہیں مالی معاونت بھی دی جائے گی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، اس اسکیم کے تحت انٹرن شپ کرنے والے نوجوانوں کو ہر ماہ 5000 روپے گرانٹ دی جائے گی، جبکہ انٹرن شپ مکمل ہونے پر 6000 روپے کی یکمشت گرانٹ بھی ملے گی۔ علاوہ ازیں، حکومت ہند کی جانب سے ہر ٹرینی کو پردھان منتری جیون جیوتی بیمہ یوجنا اور پردھان منتری تحفظ بیمہ یوجنا کے تحت انشورنس کوریج بھی دیا جائے گا۔
درخواست دینے کے خواہشمند امیدواروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سرکاری ویب سائٹ https://pminternship.mca.gov.in پر اپنا پروفائل بنا کر تین مختلف انٹرن شپ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ درخواست دینے کی آخری تاریخ 12 مارچ 2025 مقرر کی گئی ہے۔
اس حوالے سے تھانے ضلع اسکیل ڈیولپمنٹ، ایمپلائمنٹ اینڈ انٹرپرینیورشپ گائیڈنس سینٹر کی اسسٹنٹ کمشنر سندھیا سالونکھے نے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اور فوری طور پر ویب پورٹل پر رجسٹریشن مکمل کریں۔