احمد آباد۔ 21 جنوری۔(سےاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر، راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ اور سونیا گاندھی کے پولیٹیکل سکریٹری احمد پٹیل نے آج کہا کہ اپوزشن کے عظیم اتحاد کے بارے میں وزیراعظم نریندر مودی کے بیان اور ان کی حالیہ حرکات و سکنات (باڈی لینگویج) سے ایسا لگ رہا ہے کہ وہ اس سے ڈر گئے ہیں۔ احمد پٹیل نے آج یہاں گجرات کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں شرکت سے قبل صحافیوں سے کہا کہ وزےراعظم مودی عظیم اتحاد کے بارے میں جس طرح سے بول رہے ہیں اس سے صاف نظر آرہا ہے کہ انہیں کسی طرح کا ڈر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ڈر آپ ان کی حالیہ حرکات و سکنات میں بھی دیکھ سکتے ہیں۔ بی جے پی صدر بھی جو پہلے یہ کہتے تھے کہ ان کی پارٹی 50 سال تک اقتدار میں برقرار رہے گی، وہ حال میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد یہ کہنے لگے ہیں کہ اگر بی جے پی اب ہار گئی تو اگلے 200 برس تک مرکز میں اقتدار میں نہیں آپائے گی۔ یہ بھی ان کے خوف کو ظاہر کرتا ہے ۔ وہ جانتے ہیں کہ انہوں نے کچھ بھی نہیں کیا ہے اور اس لئے عوام ان کو حمایت نہیں دیں گے۔احمد پٹیل نے کہا کہ اب جب عام نظریات والی پارٹیوں اتحاد قائم کررہی ہیں تو بی جے پی کو ڈر اور فکر ہونی ہی چاہیئے ۔ انہیں یہ سوچنا چاہیے کہ سب ان کے خلاف کیوں ہیں۔بعد میں مذکورہ میٹنگ میں اپنے خطاب کے دوران پٹیل نے کانگریس کارکنوں کو گجرات میں لوک سبھا کی سبھی 26 سیٹوں (جو گزشتہ انتخابات میں بی جے پی نے جیت لی تھیں) میں سے زیادہ سے زیادہ پر جیت حاصل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 2014ءکا ماحول مختلف تھا اور اب 2019 ءکا ماحول الگ ہے ۔ بی جے پی حکومت نے ملک اور گجرات کو برباد کردیا ہے ۔ ملک کی سلامتی کی صورتحال ابتر ہے ، بدعنوانی اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے ۔ ملک پر 82 لاکھ کروڑ اور گجرات پر تین لاکھ کروڑ روپے کا قرض ہوگیا ہے ۔یہ لوگ جھوٹی باتیں اور جھوٹے وعدے کرکے حکومت میں آئے تھے ۔ ان لوگوں نے ملک کو 25 برس پیچھے دھکیل دیا ہے ۔