نئی دہلی: نیٹ پیپر لیک تنازعہ کے درمیان مرکزی حکومت نے بڑی انتظامی تبدیلی کرتے ہوئے وزارتِ تعلیم کے سیکریٹری ونےت جوشی کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ ان کی جگہ نریش پال گنگوار کو وزارتِ تعلیم کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے امتحانات کے نظام میں شفافیت اور انتظامی امور کو مزید مضبوط بنانے کے لیے یہ فیصلہ کیا ہے۔ نیٹ (NEET-UG) اور دیگر مسابقتی امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں اور پیپر لیک کے معاملے پر طلبہ اور مختلف تنظیموں کی جانب سے مسلسل احتجاج کیا جا رہا ہے۔
نریش پال گنگوار ایک سینئر آئی اے ایس افسر ہیں، جنہیں اب وزارتِ تعلیم میں اہم ذمہ داری دی گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے امتحانی نظام میں اصلاحات، پیپر لیک روکنے کے اقدامات اور نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (NTA) کے کام کاج کو بہتر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ نیٹ امتحان میں مبینہ پیپر لیک اور نتائج سے متعلق تنازعہ کے بعد حکومت کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اپوزیشن جماعتیں اور طلبہ تنظیمیں معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات اور ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کر رہی ہیں۔